لشکر جھنگوی کی ہزارہ برادری کیخلاف کارروائیاں دہشتگردی ہے،عمران خان

ویب ڈیسک  پير 18 فروری 2013
الیکشن میں تاخیر کا سوچنے والے ملک دشمنی کررہے ہیں،عمران خان.  فوٹو: فائل

الیکشن میں تاخیر کا سوچنے والے ملک دشمنی کررہے ہیں،عمران خان. فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی کی کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ برادری کے خلاف کارروائیاں دہشتگردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ظلم کی انتہا ہے، وہ لشکر جھنگوی سے کہتے ہیں کہ یہ دہشت گردی ہے، ہمیں دہشت گردوں کا نام لے کر ان کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرناچاہئے اور آئین کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے فوج کو بلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ ہزارہ برادری سے اظہاریکجہتی کے لئے چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاج کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر سانحے کے شہدا کے لواحقین کے لئے امداد کا اعلان کرے اور شہدا کے اہل خانہ کی ذمے داری بھی اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کا سوچنے والے ملک دشمنی کررہے ہیں اور ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں اب تک 89 افراد جاں بحق جبکہ 190 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔