تھائی لینڈ کی ’فراڈی دلہن‘ 8 شوہروں کو چونا لگا گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 8 ستمبر 2017
نامون اب تک درجنوں مردوں سے شادی رچاکر ان سے رقم ہڑپ کرچکی ہے۔ فوٹو: فائل

نامون اب تک درجنوں مردوں سے شادی رچاکر ان سے رقم ہڑپ کرچکی ہے۔ فوٹو: فائل

تھائی لینڈ: تھائی لینڈ پولیس کو ایک مفرور دلہن کی تلاش ہے جو دو سال میں کم ازکم 8 مردوں سے شادی کرنے کے بعد ان کے اہلِ خانہ سے جہیز کے نام پر رقم لے کر غائب ہو چکی ہے۔

اس خاتون نے سوشل میڈیا پر معاملات آگے بڑھائے اور لٹنے والے مردوں سے شادی کی۔ اس32 سالہ بھگوڑی دلہن کا نام جاریا پورن نامون بویائی ہے اور اب پولیس نے اسے فراڈی خاتون قرار دے کر اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایک کے بعد ایک 8 مرد اس کے خلاف رپورٹ درج کرا چکے ہیں۔ سب سے پہلے پراسان تیام یم نے اس خاتون کے خلاف رپورٹ درج کرائی۔ انہوں نے فیس بک پوسٹ پر اس خاتون سے خبردار کرنے اور دور رہنے والی ایک پوسٹ دیکھی اور پولیس کو بتایا کہ دو سال قبل ان کی شادی نامون سے ہوئی تھی جو اگلے دن چھ ہزار ڈالر یعنی چھ لاکھ روپے لے کر ایسی گئی کہ اب تک واپس نہیں آئی۔

پراسان نے پولیس کو بتایا کہ اس کی سابقہ بیوی نے اسے فروری 2015 کو فیس بک پر دوست بنایا اور اس کے کچھ ماہ بعد پراچوپ خیری خان صوبے میں ان کی شاندار شادی ہوئی۔ چار روز بعد اس نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کے پاس جا رہی ہے لیکن وہ واپس نہ آئی اور نامون کی ایک مبینہ بھتیجی نے فون کر کے بتایا کہ اب وہ اپنی بیگم کو بھول جائے۔

اس کے بعد ایک اور شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسلسل دلہن بننے اور لوٹنے والی خاتون نے اس سال فروری میں فیس بک پر ان سے دوستی کی اور شادی سے پہلے بینک اکاؤنٹ میں 15 ہزارڈالر جمع کرنے کو کہا۔ رقم جمع ہونے پر خاتون نے کہا کہ ابھی شادی کا بہتر موقع نہیں لیکن اس کے بعد وہ غائب ہو گئی۔

اس کے بعد مزید چھ افراد سامنے آئے جنہوں نے کہا کہ اسی خاتون نے فیس بک پر رابطہ کر کے شادی کے نام پر ان سے رقم اینٹھی اور فرار ہو گئی تاہم فیس بک پر یہ خبریں بھی ہیں کہ چالاک خاتون نے ایک ہفتے میں چار سے پانچ افراد سے شادی کر کے رقم بٹوری اور غائب ہو گئی۔

اب تھائی لینڈ پولیس اس عجیب و غریب کیس کو حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ پولیس نے نامون کی بڑی بہن کو تلاش کر لیا ہے لیکن اس نے بتایا کہ وہ اپنی بہن کی جعلسازی کی بنا پر اس سے تعلق ختم کر چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔