سیڈ کمپنیوں پر ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرانے پر زور

اے پی پی  منگل 19 فروری 2013
اسلام آباد: وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ایڈیشنل سیکریٹری عبدالباسط خان کی زیر صدارت نجی سیڈکمپنیوں سے متعلق قائم ورکنگ گروپ کا 51واں اجلاس ہو رہا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری نے سیڈ کمپنیوں پر ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرانے پر زور دیا، اس موقع پر کاشتکاروں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ فوٹو : اے پی پی

اسلام آباد: وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ایڈیشنل سیکریٹری عبدالباسط خان کی زیر صدارت نجی سیڈکمپنیوں سے متعلق قائم ورکنگ گروپ کا 51واں اجلاس ہو رہا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری نے سیڈ کمپنیوں پر ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرانے پر زور دیا، اس موقع پر کاشتکاروں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ فوٹو : اے پی پی

اسلام آباد: دستاویزی معیشت ملک کے بہترین مفاد میں ہے، اس سے نجی شعبے کی ترقی کیلیے بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔

بیج کی خرید و فروخت کرنے والی کمپنیوں کی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن سے نہ صرف کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا بلکہ معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا، وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ میں ایڈیشنل سیکریٹری عبدالباسط خان نے سیڈ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس اے پی) کے وائس چیئرمین آصف مجید، فیڈرل ہیڈ کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ عبدالباسط خان نے بیج کی خریدو فروخت کرنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے حوالے سے اصلاحات کیلیے دنیا میں رائج بہترین طریقے اپنائے گئے ہیں تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ ڈھانچہ جاتی کمزوریاں اب بھی موجود ہیں۔

انہوں نیسیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی زرعی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلیے ہر سطح پر تعاون کر رہی ہے اور ملک میں معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کیلیے عالمی معیار کے مطابق کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے فیڈرل سیڈ کونسل کے قوانین کے اطلاق کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن، مارکیٹ میں بیجوں کی فراہمی کے میکنزم، تصدیق شدہ بیجوں کی نگرانی کیلیے سیڈ سرٹیفکیشن انسپکٹرز کا کردار اور دیگر معاملات متعلقہ اداروں کے ساتھ زیر بحث ہیں جن پر جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔