بچوں کے ساتھ ساتھ بڑھنے والے کپڑے تیار

ویب ڈیسک  اتوار 10 ستمبر 2017
ایک کمپنی نے ایسا لباس بنایا ہے جو 4 سے 36 ماہ تک کے بچوں کے لیے فٹ آتا ہے اور جسامت کے ساتھ پھیلتا رہتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ دی نیو اٹلس

ایک کمپنی نے ایسا لباس بنایا ہے جو 4 سے 36 ماہ تک کے بچوں کے لیے فٹ آتا ہے اور جسامت کے ساتھ پھیلتا رہتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ دی نیو اٹلس

 لندن: والدین بچوں کے لیے ہر چند ماہ بعد کپڑوں کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔ ایک جانب تو اس میں وقت ضائع ہوتا ہے تو دوسری جانب مہنگے کپڑے خریدنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

چھوٹے بچوں کے کپڑے دو مرتبہ دھلنے کے بعد انہیں نہیں آتے کیونکہ چھوٹے بچے بہت تیزی سے بڑھتے ہیں لیکن اب پیٹٹ پلی نامی ایک کمپنی نے ایسا اسمارٹ لباس بنایا ہے جسے ایک مرتبہ خریدنے کے بعد دو سال تک بچوں کے لیے دوسرا لباس خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

پیٹٹ پلی کے مطابق پیدائش کے دو سال تک بچے سات مرتبہ جسامت بڑھاتے ہیں اور ان کے لیے سات مرتبہ کپڑے خریدنے پڑتے ہیں۔ اس کمپنی نے جو لباس بنایا ہے وہ 4 سے 36 ماہ تک کے بچوں کے لیے فٹ بیٹھتا ہے۔

کمپنی کے سربراہ ریان ماریو یاسین پیشے کے لحاظ سے انجینیئر ہیں اور انہوں نے کہا کہ بچے کو بار بار نیا سائز پہنا کر ہم زمین کے وسائل خرچ کر رہے ہیں اور دوسری جانب آبادی اس پر بڑی رقم خرچ کرتی ہے۔ ان کا تیار کردہ لباس واٹر پروف، ہوا پروف، پائیدار اور بار بار دھونے کے قابل ہے۔

اس لباس کے اندر خاص لچکدار مٹیریل شامل کیا گیا ہے اور جب انہیں کھینچا جاتا ہے تو کپڑا پتلا ہونے کی بجائے موٹا ہو جاتا ہے اور یہ خاصیت بلٹ پروف لباسوں میں پائی جاتی ہے۔ اس ایجاد کو برطانیہ میں جیمز ڈائسن ایوارڈ دیا گیا ہے اور اب سالانہ ڈیزائن مقابلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی اپنی مصنوعات کو مارکیٹ میں لانا چاہتی ہے خواہ وہ مقابلہ جیتے یا ہارے۔

تصاویر میں لباس کا ایک ماڈل دکھایا گیا ہے لیکن اگلے مرحلے میں لباس کو مزید خوبصورت، آرام دہ اور دیدہ زیب بنایا جائے گا۔ اسطرح امید ہے کہ شیر خوار بچوں کے لیے بار بار کپڑے خریدنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔