منحرف ارکان اسمبلی کے قرآن پرحلف کی وڈیومنظرعام پر آگئی

آئی این پی  منگل 19 فروری 2013
قرآن پاک کے حلف سے منحرف ارکان نے ٹکٹ لیتے وقت5 سال پارٹی کے ساتھ رہنے کا حلف دیا فوٹو: اے پی پی/ فائل

قرآن پاک کے حلف سے منحرف ارکان نے ٹکٹ لیتے وقت5 سال پارٹی کے ساتھ رہنے کا حلف دیا فوٹو: اے پی پی/ فائل

لاہور:  پیپلزپارٹی کے وفاداری تبدیل کر نے والے ارکان پنجاب اسمبلی کی قرآن پاک پر پارٹی نہ چھوڑنے کے حلف کی وڈیو میڈیا پر آگئی۔

قرآن پاک کے حلف سے منحرف ارکان نے ٹکٹ لیتے وقت5 سال پارٹی کے ساتھ رہنے کا حلف دیا، اپوزیشن لیڈرراجا ریاض وڈیو لے کر ان ارکان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی سے ناتا توڑ کر مسلم لیگ (ن)سے سیاسی بندھن باندھنے والے پیپلزپارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی کی قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر دیے حلف کی وڈیو سب کچھ کہہ رہی ہے کہ ان ارکان نے پہلے پیپلزپارٹی سے بھی عہد وپیماں کیے تھے۔

پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری، نشاط ڈاہا، رانابابر، جمیل شاہ، منورغوث، قیصرسندھو، سردارکامل اوردیگر نے ٹکٹ لیتے وقت پارٹی قیادت کو حلف دیا کہ وہ5 سال بے نظیربھٹو اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے ساتھ وفادار رہیں گے۔ ارکان اسمبلی نے یہ بھی حلف دیا تھا کہ وہ کسی اور جماعت میں نہیں جائیں گے۔ منحرف ارکان نے پارٹی سے قرآن پاک پر یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ پارٹی کے ہر فیصلے پر عمل کریں گے۔ وڈیو فلم میں مذکورہ بالا ودیگر ارکان کو کاغذ پر لکھا حلف نامہ پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ارکان حلف اٹھانے سے پہلے کیمرامین سے اجازت لے رہے ہیں جس ثابت ہوتا ہے کہ ارکان وڈیو فلم بننے سے پوری طرح آگاہ تھے۔ پیپلزپارٹی کے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجاریاض اس وڈیو کی بناپر الیکشن کمیشن میںان ارکا ن کی نااہلی کیلیے درخواست دائرکررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے استدعا کی جائے گی کہ ارکان قرآن پاک پردیے ہوئے حلف سے منحرف ہوکر آئین کی دفعہ62کی زد میں آگئے ہیں، وہ صادق رہے نہ ہی امین، اس لیے انھیں سیاست سے ہمیشہ کیلیے نا اہل قرار دیاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔