کوئٹہ سے جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے نائب امیر اغوا

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 9 ستمبر 2017
نامعلوم افراد مولانا ابوتراب، ان کے بیٹے، سیکریٹری اور محافظ کوساتھ لے گئے، گاڑی چھوڑ دی۔ فوٹو: فائل

نامعلوم افراد مولانا ابوتراب، ان کے بیٹے، سیکریٹری اور محافظ کوساتھ لے گئے، گاڑی چھوڑ دی۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ:  مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئر نائب امیر اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب کو مسلح افراد نے ایئرپورٹ سے ان کے بیٹے عبدالحمید، سیکریٹری عبدالستار اور محافظ سمیت اغوا کر لیا۔

مولانا علی محمد ابو تراب کومسلح افراد نے ایئرپورٹ سے ان کے بیٹے عبدالحمید، سیکریٹری عبدالستار اور محافظ سمیت اغوا کیا اور ان کی گاڑی چھوڑ گئے تاہم مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر مرکزی اور صوبائی رہنماؤں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی، مرکزی انجمن تاجران اور دیگر نے اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پروفیسر ساجد میر نے خبردار کیا ہے کہ اگر انھیں فوری طورپر بازیاب نہیں کرایا گیا تو ملک گیر سطح پر سخت احتجاج کرینگے، انجمن تاجران نے بھی شٹر ڈاؤن سمیت ہر قسم کے احتجاج کی دھمکی دی ہے، پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مولانا ابو تراب جماعت کا سرمایہ ہیں وہ ایک امن پسند اور محب وطن رہنما ہیں۔ ان کا دن دیہاڑے کوئٹہ کے حساس علاقے سے اغواسیکیورٹی فورسزکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم حکومت بلوچستان اورفورسز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا ابوتراب اور ان کے ساتھیوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرمواصلات اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، جمعیت نظریاتی بلوچستان کے امیرمولانا عبدالقادر لونی، حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی، قاری مہراﷲ، حاجی حبیب اﷲ ودیگرنے علی محمدابوتراب کے اغوا کی مذمت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔