شائقین نے ہمیشہ میری پرفارمنس کو پسند کیا، عروہ حسین

نمرہ ملک  پير 11 ستمبر 2017
میرے کردار کے مکالمہ کو جو شہرت ملی ہے وہ شاید ہی اب تک پاکستانی فلموں میں کسی اور مکالمہ کو ملی ہو، عروہ حسین۔ فوٹو : فائل

میرے کردار کے مکالمہ کو جو شہرت ملی ہے وہ شاید ہی اب تک پاکستانی فلموں میں کسی اور مکالمہ کو ملی ہو، عروہ حسین۔ فوٹو : فائل

کراچی: اداکارہ عروہ حسین کا کہنا ہے کہ یہ میرے شائقین کی بدولت ممکن ہوا ہے جنہوں نے ہمیشہ میری پرفارمنس کو پسند کیا ہے

عروہ حسین کی عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں ’’نامعلوم افرادٹو‘‘ اور پنجاب نہیں جاؤنگی‘‘ عوام میں مقبول ہوگئیں، تاہم پنجاب نہیں جاؤنگی میں ان کے کردار دردانہ ایک مکالمہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور اس سے متعلق مختلف وائرل مزاحیہ  پوسٹ سوشل میڈیا پر گرد کررہی ہیں۔

اس حوالے سے عروہ حسین کا  کہنا ہے کہ میرے کردار کے مکالمہ کو جو شہرت ملی ہے وہ شاید ہی اب تک پاکستانی فلموں میں کسی اور مکالمہ کو ملی ہو،  یہ میرے شائقین کی بدولت ممکن ہوا ہے جنہوں نے ہمیشہ میری پرفارمنس کو پسند کیا ہے، انھوں نے بتایا کہ یہ سال بہت مصروف رہا ہے، عید پر دو فلمیں ریلیز ہوئی ہیں جو کہ اب تک باکس آفس پر اچھا بزنس کررہی ہیں، دونوں فلمیں ہمیشہ دل کے قریب رہیں گی اور عرصہ تک لوگوں کے دلو ں پر راج کریں گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ رواں سال دسمبر میں ان کی ایک اور فلم’’رنگریزا‘‘ ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے، جو کہ موسیقی پر مبنی رومانوی ڈرامہ ہے جس میں یہ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، دیگر کاسٹ میں بلال اشرف، تنویر جمال، اکبر صبحانی، سلیم معراج،عمران پیرزادہ، شاہد نقوی، صبا فیصل، سیمی پاشا، گوہر رشید، عروہ حسین و دیگر شامل ہیں۔ فلم کی ہدایات نوجوان ہدایت کار عامر محی الدین نے دی ہیں، فلم رنگریزا موسیقی پر مبنی ہے جس میں کلاسیکل قوالی اور پاپ میوزک کے ساتھ ساتھ رومانوی کہانی کو بھی شامل کیا جائے گا، فلم کی کہانی اختر قیوم نے تحریر کی ہے۔

عروہ نے بتایا کہ فلم رنگریزا کی موسیقی ایک ایک کر کے سوشل میڈیا پر ریلیز کی جارہی ہے جو کہ کافی پسند کی جارہی ہے، فلم کو 21 دسمبر کوعالمی سطح پر ریلیز کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔