فٹنس مسائل نے جنوبی افریقی کیمپ کا بھی رخ کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 20 فروری 2013
مورن مورکل کے بطورکور اپ کائیل ایبٹ کو طلب کر لیا گیا، سوٹسوبے بھی انجرڈ    فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مورن مورکل کے بطورکور اپ کائیل ایبٹ کو طلب کر لیا گیا، سوٹسوبے بھی انجرڈ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کیپ ٹاؤن: فٹنس مسائل نے جنوبی افریقی کیمپ کا بھی رخ کرلیا، پاکستان کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہونے والے انجرڈ مورن مورکل کے بطورکوراپ کائیل ایبٹ کو طلب کر لیا گیا۔

البتہ پلیئنگ الیون میں جگہ اسکواڈ میں پہلے سے ہی شامل روری کلینویلڈکو ملے گی، سوٹسوبے بھی انجری کا شکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی پیسر مورن مورکل پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے21 واں اوور مکمل نہیں کرسکے تھے، بالآخر انھیں میدان سے ہی باہر جانا پڑا، دوسری اننگز میں انہوں نے ایک بار پھر گیند تھامی مگر چوتھے اوور کی دوسری بال پر ہمت جواب دے گئی، پیسر کے کور اپ کے طور پر سلیکٹرز نے کائیل ایبٹ کو طلب کر لیا ہے، کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سلیکشن کنوینر اینڈریو ہڈسن کے مطابق کائیل ایک بہترین سوئنگ بولر ہیں۔

ڈولفنز کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی نے لیگ ٹورنامنٹ اور ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ایونٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے قومی ٹیم میں جگہ بنائی، انھوں نے ڈومیسٹک چیمپئن کیپ کوبراز کے 12 بیٹسمین 96 رنز کے عوض پویلین بھیج دیے تھے، وہ فی اوور 3 سے بھی کم رنز دیتے ہوئے 15.36 کی اوسط سے مجموعی طور پر 49 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔ذرائع کے مطابق کائیل ایبٹ کو طلب کیے جانے کے باوجود زیادہ امکان یہی ہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے سنچورین ٹیسٹ میں روری کلینویلڈکو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جائے گا۔

بولنگ آل راؤنڈر نے 3 ٹیسٹ میچز میں 42.50 کی اوسط سے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ بیٹنگ میں انھیں زیادہ جوہر دکھانے کا موقع نہیں مل سکا، صرف 27 رنز ان کے کریڈٹ پر ہیں، سب سے بڑی اننگز 17 کی رہی، آخری ٹیسٹ جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے انھوں نے ایک اننگز میں بیٹنگ کا موقع ملنے پر ناقابل شکست 7 رنز بنائے‘ اپنی ٹیم کی اننگز اور 193 رنز سے فتح میں انھوں نے مجموعی طور پر 26 اوورز کرتے ہوئے 97 رنز کے بدلے4 وکٹیں لے کر کردار نبھایا تھا۔ دوسری طرف ٹخنے کی انجری کا شکار لونوابو سوٹسوبے بھی بدستور انجری کا شکار ہیں۔

البتہ پاکستان سے ون ڈے سیریز تک مکمل فٹ ہونے کا امکان روشن ہے، ہڈسن کے مطابق لیفٹ آرم میڈیم پیسر کو ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنانا چاہتے تھے مگر فٹنس مسائل نے اجازت نہ دی، اُمید ہے کہ ون ڈے میچز کیلیے ان کی خدمات ہمیں حاصل ہوں گی۔ یاد رہے کہ سوٹسوبے دسمبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز سے قبل پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے، بعد ازاں انھوں نے جنوری میں ون ڈے سیریز میں حصہ لیا مگر دوبارہ مسائل ہونے کے بعد سے اسکواڈ میں شامل نہیں ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔