نوکیا نے سام سنگ اور ایپل کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ویب ڈیسک  منگل 12 ستمبر 2017
نوکیا 8 کے فیچرز سام سنگ گلیکسی ایس 8 اور آئی فون 7 کی سطح کے ہوں گے۔ فوٹو : فائل

نوکیا 8 کے فیچرز سام سنگ گلیکسی ایس 8 اور آئی فون 7 کی سطح کے ہوں گے۔ فوٹو : فائل

دبئی: اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اسمارٹ فونز کی دنیا میں دوبارہ قدم رکھنے والی فن لینڈ کی کمپنی نوکیا نے سام سنگ اور ایپل کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران نوکیا نے تین نئے اسمارٹ فونز لانچ کیے تھے جن میں نوکیا تھری، فائیو اور سکس شامل تھے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوکیا اپنا اب تک کا بہترین اسمارٹ فون ’’نوکیا 8‘‘ متعارف کرانے جا رہا ہے جس کے فیچرز آئی فون 7 اور سام سنگ گلیکسی ایس 8 کی سطح کے ہوں گے تاہم اس کی قیمت ان دونوں فونز کے مقابلے میں تقریباً آدھی یعنی 460 ڈالر (48 ہزار پاکستانی روپے) ہو گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نوکیا اپنی ساکھ اور کم قیمت کی وجہ سے جنوبی کورین کمپنی سام سنگ اور امریکا کے ایپل کو ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نوکیا 8 کی سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اس کے اسکرین کا سائز 5.3 انچ ہوگا جبکہ اس میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن 835 پروسیسر لگایا گیا ہے، 4 جی بی ریم کے ساتھ اس کی رفتار کافی تیز ہو گی۔ فون کی داخلی (انٹرنل) میموری 64 جی بی ہو گی جس میں کارڈ کے ذریعے 256 جی بی تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

نوکیا 8 کا فرنٹ اور بیک کیمرہ 13 میگا پکسل کا ہو گا اور اس میں ’’ڈوئل سائٹ‘‘ کا آپشن بھی موجود ہو گا جس کی مدد سے آپ بیک وقت اپنی اور اپنے سامنے موجود شخص کی تصویر لے سکتے ہیں۔ نوکیا 8 ستمبر کی 21 تاریخ کو خلیجی ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔