ووٹر لسٹیں، نادرا کے تعاون سے جانچ پڑتال شروع کردی گئی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 20 فروری 2013
جانچ پڑتال 22فروری تک مکمل ہوجائے گی، فہرستوں کی حتمی طباعت 18 مارچ تک ہوجائیگی. فوٹو: فائل

جانچ پڑتال 22فروری تک مکمل ہوجائے گی، فہرستوں کی حتمی طباعت 18 مارچ تک ہوجائیگی. فوٹو: فائل

کراچی: سندھ الیکشن کمیشن نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے تعاون سے کراچی میں  ووٹر لسٹوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے تاہم کراچی میں2 روزہ ہڑتال اوردھرنوں کے باعث کام سست روی کا شکار رہا۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے کراچی میں گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا کام 16 فروری کو مکمل کرکے اوراس کا ریکارڈ ترتیب  دیکر نادرا کے تعاون سے فہرستوں کی جانچ پڑتال شروع کردی، ووٹرز لسٹوں کے ریکارڈ کا نادرا کے ڈیٹا سے  موازنہ کیا جارہا ہے۔ کراچی میں 2  روز سے جاری ہڑتال اور دھرنوں کے باوجود  الیکشن کمیشن کے دفاتر کھلے رہے تاہم چند اضلاع میں عملے کی کمی کی وجہ سے کام سست روی کا شکار رہا۔

13

ضلعی الیکشن کمشنرز نے بتایا کہ جانچ پڑتال کا کام 22فروری تک مکمل کرکے ووٹرز لسٹیں طباعت کیلیے نادرا کے حوالے کردی جائینگی۔ نادرا کی جانب سے ووٹرز لسٹوں کی طباعت  تقریباً  2 ہفتے میں کرکے غیر حتمی مطبوعہ مواد الیکشن کمیشن کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس مرحلے پر الیکشن کمیشن 10 روز تک غیر حتمی مطبوعہ ووٹرز لسٹوں کی جانچ پڑتال کریگا اور جہاں جہاں غلطیاں ہونگی ان کی درستی کرکے حتمی ووٹرز لسٹیں طباعت کیلیے  نادرا کے سپرد کردی جائینگی،فہرستوں کی حتمی طباعت 18مارچ تک ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔