روینہ ٹنڈن نے انیل کپور کا روپ دھارلیا

ویب ڈیسک  بدھ 13 ستمبر 2017
روینہ ٹنڈن کافی حد تک انیل کپور کا روپ دھارنے میں کامیاب رہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

روینہ ٹنڈن کافی حد تک انیل کپور کا روپ دھارنے میں کامیاب رہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اداکار انیل کپور کا روپ دھار کر سب کو حیران کردیا لیکن سوال یہ ہے کہ روینہ نے ایسا کیوں کیا؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر اور کوریوگرافر فرح خان ’’لپ سنگ بیٹل‘‘ کے نام سے نیا شو شروع کرنے والی ہیں اور انہوں نے اس کی کئی قسطیں ریکارڈ بھی کرلی ہیں۔ ایک قسط میں انہوں نے 90 کی دہائی کی خوبرو اداکارہ روینہ ٹنڈن اور اداکار ایوشمان کُھرانا کو بلایا۔

اس شو میں آنے والے مہمانوں کو مختلف گانوں کے اوپر لپ سنگ کرنا ہوتا ہے اور جو زیادہ بہتر طریقے سے یہ کام انجام دیتا ہے وہ جیت جاتا ہے۔ فرح خان نے روینہ اور ایوشمان کھرانا کے ساتھ ریکارڈنگ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روینہ ٹنڈن اداکار انیل کپور کا روپ دھار رہی ہیں اور تصاویر میں وہ کافی حد تک انیل کپور کا روپ دھارنے میں کامیاب بھی نظر آرہی ہیں۔

فرح خان نے تصویر کے ساتھ جاری اپنے پیغام میں کہا کہ شو کی یہ قسط انتہائی دلچسپ ہوگی اور ان کے لیے یہ  تجربہ بہت خوشگوار ثابت ہوا۔ روینہ ٹنڈن اور انیل کپور فلم لاڈلا، گھر والی باہر والی، بلندی اور دیگر فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ انیل کپور روینہ کے اس نئے روپ کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔

فرح خان کا نیا شو 16 ستمبر سے آن ایئر ہوگا اور اداکار علی اصغر بھی فرح خان کے ساتھ اس شو کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔