الیکشن کمیشن کا انتخابی امیدواروں کی تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2013
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتخابات میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کے طریقہ کارکے لئے مشترکہ میکانزم تیارکیا جائے گا۔۔فوٹو: فائل

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انتخابات میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کے طریقہ کارکے لئے مشترکہ میکانزم تیارکیا جائے گا۔۔فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکن کمیشن کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے مالی اثاثے اور دیگر تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا اور نیب حکام نے شرکت کی، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انتخابات میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کے طریقہ کارکے لئے مشترکہ میکانزم تیار کیا جائے گا اور امیدواروں کے مالی اثاثے اور دیگر تفصیلات عام کی جائیں گی تاکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں آسانی ہو۔

اجلاس میں دہری شہریت رکھنے والے، ٹیکس چور، قرض معاف کرانے والے اور نیب زدہ افراد کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔ نیب حکام نے سزا یافتہ افراد کے متعلق معلومات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ مالی اثاثوں کی چھان بین کے حوالے سے ایف بی آر اور نادرا بھی الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ امیدواروں کی دہری شہریت کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو معلومات فراہم کریں گے۔

اجلاس میں امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لئے نادرا، الیکشن کمیشن، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور نیب حکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔