کرکٹ کی طرح شوبز سرگرمیوں کیلیے بھی اقدامات کرنا ہونگے، ثنا

قیصر افتخار  جمعـء 15 ستمبر 2017
 دہشتگردی کا خوف دورکرنے کے لیے فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کا انعقاد اوردوسرے ممالک سے ثقافتی طائفوں کو دعوت دی جائے۔ فوٹو: فیس بک پیج

 دہشتگردی کا خوف دورکرنے کے لیے فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کا انعقاد اوردوسرے ممالک سے ثقافتی طائفوں کو دعوت دی جائے۔ فوٹو: فیس بک پیج

 لاہور:  فلم اسٹار ثنا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کے باوجود مخالف لابی نے دنیا بھرمیں پاکستان کوہی بدنام کررکھا تھا لیکن اب انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے ورلڈالیون کی آمد کوگرین سگنل مانا جائے توغلط نہ ہوگا تاہم اسی طرح شوبز سرگرمیوں کیلیے بھی اقدامات کرنا ہونگے۔

برطانیہ سے فون پر ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ثنا نے کہا کہ طے شدہ شیڈول کی وجہ سے برطانیہ میں ہونے والے ایک ایوارڈ شومیں شرکت کے لیے ساتھی فنکاروں کے ہمراہ یہاں مقیم ہوں، وگرنہ لاہورمیں سجنے والے ورلڈ الیون اور قومی ٹیم کے مابین میچزکو ضرور دیکھنے کے لیے آتی۔ مجھے یہ جان کربے حد خوشی ہوئی کہ جونہی ورلڈ الیون کی آمد کا اعلان ہوا تو لاہوریوں نے اپنے تاریخی شہر کو خوبصورتی سے سجانا شروع کیا وہی کرکٹ بخار دوبارہ دکھائی دیا، جو ماضی میں لوگوں کو ہوتا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ اس بار تو سٹیڈیم میں جہاں نوجوان مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نظرآئی، وہیں معصوم بچے بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی اور حکومت کے علاوہ سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے یہ ایونٹ بڑی کامیابی سے جاری ہے اورآج فائنل میچ میں بھی اگر امن وامان کی صورتحال برقراررہی تو یہ ہماری بہت بڑی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے اور دوسرے ممالک سے ثقافتی طائفوں کو یہاں پرفارم کرنے کی دعوت دی جائے تو دہشت گردی کے سائے بہت جلد ہماری پاک سرزمین سے دوربھاگ جائیں گے کیونکہ ہماری پوری قوم امن پسند ہے اوروہ امن سے ہی زندگی بسرکرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے ہم سب مل کر اپنی اپنی ذمے داری کو بخوبی نبھانے کا فن بھی جانتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔