حیدرآباد سے 7 ایس ایچ اوز کادیگر اضلاع میں تبادلہ

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 21 فروری 2013
ڈی آئی جی حیدرآباد نے ہائی کورٹ کے حکم پر حیدرآباد سے 7 ایس ایچ اوز کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ پر دیگر ایس ایچ اوز مقررکردیے ہیں۔ فوٹو: فائل

ڈی آئی جی حیدرآباد نے ہائی کورٹ کے حکم پر حیدرآباد سے 7 ایس ایچ اوز کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ پر دیگر ایس ایچ اوز مقررکردیے ہیں۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد: سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم کے بعد ڈی آئی جی حیدرآباد پولیس ریجن ثناء اللہ عباسی نے اپنے پیدائشی ضلع کے بجائے دیگر اضلاع میں تبادلہ کرنے کے حکم پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔

ڈی آئی جی حیدرآباد نے ہائی کورٹ کے حکم پر حیدرآباد سے 7 ایس ایچ اوز کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ پر دیگر ایس ایچ اوز مقررکردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سخی پیر طارق خانزادہ کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ پر منیر عباسی، سٹی تھانے سے احمد قریشی کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ رئیس خانزادہ، لطیف آباد بی سیکشن تھانے سے سلمان فاروقی کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ افضل قریشی، مکی شاہ تھانے سے محمد یوسف کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ جیندل شاہ اور ائیر پورٹ تھانے کے ایس ایچ او رانا پرویز کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ عمران آفریدی کو ایس ایچ او مقرر کردیا ہے۔

جبکہ فورٹ تھانے سے عامر جعفری اور ہٹڑی تھانے سے لیاقت جسکانی کا تبادلہ کردیا گیا ہے لیکن ان کی جگہ پر کسی کو بھی ایس ایچ او مقرر نہیں کیا ہے جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد نے ٹریفک انچارج حیدرآباد شمس العارفین اور پولیس لائن کے انچار ج مسعود اختر آرائیں اور دیگر کے تبادلے منسوخ کر دیے ہیں۔ یاد رہے کہ ہائی کورٹ کے حکم پر ڈی آئی جی حیدرآباد نے پولیس ریجن کے89پولیس انسپکٹرز اور 127 سب انسپکٹرکا تبادلہ کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔