این اے 120 میں فوج کی زیرِنگرانی انتخابی سامان کی ترسیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 ستمبر 2017
حلقے کے 21 پولنگ اسٹیشنز پر پہلی بار  50 بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کا تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے . فوٹو : این این آئی

حلقے کے 21 پولنگ اسٹیشنز پر پہلی بار 50 بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کا تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے . فوٹو : این این آئی

 لاہور: این اے 120 میں ضمنی انتخاب کا معرکہ کل ہو رہاہے جس کے لیے فوج کی زیرِنگرانی انتخابی سامان کی ترسیل کی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے اہم سیاسی حلقے این اے 120میں ضمنی انتخاب کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔پولنگ کے لیے انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز،ووٹر لسٹیں،اسٹیشنری،بیلٹ باکسزاور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے دفترکی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کرکے کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ فوج کی نگرانی میں پریزائڈنگ افسر انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز لے جارہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں:این اے 120 میں ضمنی الیکشن مہم ختم، کل پولنگ ہوگی

انتخاب کے لیے ساڑھے تین لاکھ بیلٹ پیپرز فوج کی سیکورٹی میں ریٹرنگ افسر کے دفاتر پہنچائے گئے ۔الیکشن کمیشن نے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔حلقے میں ووٹرز کی کلُ تعداد 3 لاکھ 21 ہزار  633 ہے۔ مذکورہ انتخاب میں 21 پولنگ اسٹیشنز پر پہلی بار 50بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کا تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)اور تحریک انصاف میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔انتخاب میں کلُ 44امیدوار میدان میں ہیں جو اپنی جیت کو کامیاب بنانے کے لیے ووٹرز کو اپنے حق میں قائل کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔