سہراب گوٹھ اور نارتھ ناظم آباد سے 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 21 فروری 2013
سی آئی ڈی نے متعدد جرائم میں ملوث دو ملزمان کو کیماڑی سے گرفتار کرلیا. فوٹو : فائل

سی آئی ڈی نے متعدد جرائم میں ملوث دو ملزمان کو کیماڑی سے گرفتار کرلیا. فوٹو : فائل

کراچی: اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن پولیس نے دو ملزمان کی گرفتاری ظاہرکردی جبکہ سہراب گوٹھ اور نارتھ ناظم آباد سے6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے 2 ملزمان کی گرفتاری گذشتہ روز ظاہر کردی ، ایس آئی یو پولیس کے مطابق فشریز میں کارروائی کے دوران بھتہ خور گروپ کا سرغنہ ہارون بنگالی اپنے ساتھی طیب بنگالی سمیت پکڑا گیا ، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کرلیا ۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان فشریز میں تاجروں سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرچکے ہیں جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بھی تاجروں سے رقم وصول کرتے تھے ، ملزمان بھتہ خوری کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے ، ذرائع نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو کئی روز قبل گرفتار کیا جاچکا تھا جن کی گذشتہ روز پریس کانفرنس میں گرفتاری ظاہر کی گئی ،ایس پی نارتھ ناظم آباد خرم وارث نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد آئی بلاک میں موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔

7

پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد 3 ملزمان حمزہ ولد نواب ، عبدالرحمن ولد افتخار اور عابد ولد احمد کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے رپیٹر سمیت دیگر اسلحہ اور مسروقہ 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں،ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ڈی ایس پی قمر احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ سچل کے علاقے میں رضوان سوسائٹی کے مکان نمبر B-47 میں ڈاکو گھس گئے۔

اطلاع ملنے پر وہ فوری طور پر پولیس پارٹی لے کر موقع پر پہنچے اور گھر کا گھیرائو کرلیا ، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد تین ملزمان پکڑے گئے ،علاوہ ازیں ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان کی سربراہی میں کیماڑی کے علاقے میں فائر بریگیڈ اسٹیشن کے قریب چھاپہ مار کر دو ملزمان سروش ولد احمد جلالی اور شیخ ظفر حسین ولد محمد حسین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔