دوسرا ون ڈے: انگلش بیٹسمینوں نے کیویز پر دھاوا بول دیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعرات 21 فروری 2013
دوسرا ون ڈے: انگلش کپتان الیسٹر کک لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں، انھوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو : اے ایف پی

دوسرا ون ڈے: انگلش کپتان الیسٹر کک لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں، انھوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو : اے ایف پی

نیپیئر: دوسرے ون ڈے میں انگلش بیٹسمینوں نے کیویز پر دھاوا بول دیا۔

کپتان الیسٹرکک، جوناتھن ٹروٹ اور جوئے روٹ کی نصف سنچریوں نے8 وکٹ سے فتح دلا دی، 1-1 سے برابر سیریز کے فاتح کا فیصلہ ہفتے کو آکلینڈ میں تیسرے میچ سے ہو گا،بدھ کو مہمان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، چھوٹی بائونڈریز کے سبب میکلین پارک میں300رنز بنا کر ہی کچھ مقابلے کی توقع رکھی جا سکتی تھی، مگرمیزبان سائیڈ269 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، روس ٹیلر کی سنچری رائیگاں رہی، اینڈرسن نے 5 وکٹیں لے کر ٹیم کا کام آسان بنایا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے270 رنز کا تعاقب مثبت انداز میں شروع کیا۔

الیسٹر اور ای ین بیل ٹیم کو 89 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے،20 ویں اوور کی آخری گیند پر بیل (44) ولیمسن کا شکار ہوئے، ردرفورڈ کاکیچ بننے سے قبل انھوں نے5چوکے لگائے، کک نے دوسری وکٹ کیلیے جوناتھن ٹروٹ کے ساتھ بھی60رنز جوڑے، کپتان نے78رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد سائوتھی کو ریٹرن کیچ تھمایا، ٹروٹ ڈٹے رہے اور جوئے روٹ کے ساتھ مل کر کیویز کی خوب خبر لی،نوجوان بیٹسمین کا انداز زیادہ جارحانہ تھا، جس وقت ٹیم نے ہدف عبور کیا14بالز باقی تھیں، ٹروٹ 65 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

روٹ نے ناقابل شکست79 رنز کیلیے محض56گیندوں کا استعمال کیا اور7چوکے و 2چھکے لگائے، دونوں نے اسکور میں121 رنز کا اضافہ کیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، چھوٹی بائونڈریز اور سازگار پچ کے سبب کک کا یہ فیصلہ کچھ حیران کن لگا،مگر جیمز اینڈرسن نے 19 کے اسکور پر ہی دونوں اوپنرز کو ٹھکانے لگا کر کپتان کی لاج رکھ لی، واٹلنگ نے7اور ہمیش ردرفورڈ نے11 رنز بنائے،ایسے میں سابق کپتان روس ٹیلر ڈٹ گئے، انھوں نے فارم میں واپس آتے ہوئے ایک اینڈ بلاک کر لیا۔

البتہ دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں، ولیمسن 33 اور گرانٹ ایلوٹ23رنز بنا کر میدان بدر ہوئے،ٹیلر کا انہماک کم نہ ہوا، انھوں نے برینڈن میک کولم کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 102 رنز کی پارٹنر شپ بنائی،کپتان 36 بالز پر74 رنز کی طوفانی اننگزکھیل کر آئوٹ ہوئے تو جیسے تباہی آ گئی، جیمز فرینکلن 1،ناتھن میک کولم 2 اور ٹم سائوتھی3 رنز پر چلتے بنے، سنچری مکمل کرتے ہی ٹیلر کو ایسا محسوس ہوا جیسے ان کا کام پورا ہو چکا، انھوں نے بھی اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر کو کیچ تھامنے کا موقع فراہم کر دیا، پیسر نے ٹریور بولٹ (1) کو آئوٹ کر کے پانچویں وکٹ حاصل کی، انھوں نے اس کیلیے34 رنز دیے، ووکس نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، کائل ملز 3رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم48.5 اوورز میں269رنز بنا کر آئوٹ ہوئی، آخری 6 وکٹیں 26 رنز کے اضافے سے گریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔