وفاقی کابینہ:دھماکا خیزمواد کی روک تھام کا بل،حج پالیسی منظور

نمائندہ ایکسپریس / مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 21 فروری 2013
اوگرا وزارت پٹرولیم کے ماتحت کرنیکی سمری مسترد، سیکیورٹی اداروںکوالرٹ رہناہوگا،وزیراعظم  فوٹو : ثنا

اوگرا وزارت پٹرولیم کے ماتحت کرنیکی سمری مسترد، سیکیورٹی اداروںکوالرٹ رہناہوگا،وزیراعظم فوٹو : ثنا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کی روک تھام کے بل 2012ء اور حج پالیسی 2013ء کی منظوری دیدی ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا، دھماکہ خیز مواد کی روک تھام کے بل کی منظوری کے تحت آئی ای ڈیز میں استعمال ہونیوالی اشیاء کی درآمد اور برآمد پر پابندی ہو گی، دھماکا خیز مواد بنانے اور اس میں استعمال ہونیوالی اشیاء فروخت کرنیوالوں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سزائیں دی جا سکیں گی، بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

کابینہ نے حج پالیسی 2013ء کی بھی منظوری دی جس کے تحت رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے ، حج درخواستیں پہلے آیے پہلے پایے کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے ۔ ایک ٹی وی کے مطابق حج پالیسی کی منظوری بغیر بریفنگ کے دی گئی۔ کابینہ نے کراچی، حیدر آباد ایم نائن موٹروے کی تعمیر کا ٹھیکہ نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کو دینے کا فیصلہ کیا جبکہ شیل کمپنی کو پاکستان میں تیل دریافت کرنے کی اجازت دینے کی بھی منظوری دیدی۔  ایک ٹی وی کے مطابق کابینہ نے اوگرا کو وزارت پٹرولیم کے ماتحت کرنے کی وزارت پٹرولیم کی سمری مسترد کردی ۔

7

کابینہ نے سری لنکا ،ترکی،انڈونیشیا اور دیگر ممالک کیساتھ دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنیوالے عناصر کی مانیٹرنگ کیلیے معاہدے کرنے ، تجارتی بل 2013ء ،سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن بل 2013ء اور ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے کیلیے اٹلی اور کوریا کیساتھ تعاون کے معاہدے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور کوئٹہ میں ٹارگیٹڈ آپریشن کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر ارکان کا الوداعی فوٹو سیشن ہوا ۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں قیام امن تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔