ٹریفک سارجنٹ کو کچلنے والے ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک  پير 18 ستمبر 2017
عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گواہوں کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو: فائل

عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گواہوں کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: عدالت نے ٹریفک سارجنٹ کو کچلنے والے رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد کردی۔

کوئٹہ کی عدالت نے ٹریفک سارجنٹ کو کچلنے کے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی کو سیشن کورٹ میں پیش کیا۔ عدالت نے عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر گواہوں کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پولیس اہلکار کو کچلنے کا واقعہ، چیف جسٹس نے از خود نوٹس لےلیا

واضح رہے کہ 20 جون 2017 کو پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی نے اپنی گاڑی سے ٹریفک سارجنٹ عطاءاللہ کو کچل کر ہلاک کردیا تھا۔ پہلے تو پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ٹال مٹول کرتی رہی تاہم بعدازاں میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا جب کہ واقعے کا سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا۔ ملزم عبدالمجید اچکزئی نے مقتول کے ورثا سے جعلی صلح کا ڈرامہ بھی رچایا جسے ورثا نے جھوٹا قرار دے دیا۔ بعدازاں ملزم کے خلاف یہ انکشاف بھی ہوا کہ اس کے خلاف 2009 میں اغوا کا مقدمہ بھی درج ہے۔ عبدالمجید اچکزئی پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کا چچا زاد بھائی بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔