اللہ کا شکر ہے کراچی میں بھتے کا دور ختم ہوا، گورنر سندھ

ویب ڈیسک  منگل 19 ستمبر 2017
اگر پاکستان نے ترقی کرنا ہے تو کراچی میں امن لاناہے، گورنر سندھ۔ فوٹو : فائل

اگر پاکستان نے ترقی کرنا ہے تو کراچی میں امن لاناہے، گورنر سندھ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کراچی میں بھتے کی پرچی کا دور ختم ہوا جب کہ 2010 میں مجھے بھی بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی۔

کراچی میں کھارادر جنرل اسپتال کے دورے کے دوران گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے قدیم علاقے میں رعایتی فیس پر طبی خدمات کی فراہمی کھارادر جنرل اسپتال کا قابل تحسین اقدام ہے، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والے قابل تحسین ہیں، عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں نجی طبی مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : 2018 میں ایم کیو ایم اصل دھمال کرے گی

گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ میڈیا مثبت خبروں کو بریکنگ نیوز بنائے، کراچی میں امن دیکھ کر سرمایہ کار آرہے ہیں، اگر پاکستان کو ترقی کرنا ہے تو کراچی میں امن لانا ہوگا، کراچی میں امن و امان کی صورتحال حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ کراچی میں امن کیلیے رینجرز کی خدمات کو سراہتے ہیں اور جب تک کراچی میں مکمل کاروبار بحال نہ ہوجائے رینجرز سندھ میں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پیکج کا کسی سیاسی جماعت کو ایک پیسا نہیں دیا جائے گا، اس پیکج کو مزید آگے بڑھائیں گے، کراچی میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع زیادہ ہیں جب کہ اللہ کا شکر ہے کراچی میں بھتے کی پرچی کا دور ختم ہوا جب کہ 2010 میں مجھے بھی بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔