جڑانوالہ میں بیوی کے ہاتھوں بے وفا شوہر قتل، آشنا خاتون زخمی

ویب ڈیسک  منگل 19 ستمبر 2017
جڑانوالہ میں ملزمہ رقیہ شوہر کے ساتھ آشنا خاتون کو دیکھ کر مشتعل ہوگئی اور دونوں پر کلہاڑی برسا دی۔ فوٹو: اسکرین گریب

جڑانوالہ میں ملزمہ رقیہ شوہر کے ساتھ آشنا خاتون کو دیکھ کر مشتعل ہوگئی اور دونوں پر کلہاڑی برسا دی۔ فوٹو: اسکرین گریب

فیصل آباد:  بیوی نے غیرت کے نام پر شوہر کو قتل اور آشنا خاتون کو شدید زخمی کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے غیرت کے نام پر کلہاڑی کے وار کرکے اپنے شوہر کو قتل اور اس کے ساتھ موجود غیر عورت کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ رقیہ اپنے شوہر غلام قمر کے ساتھ اجنبی خاتون کو دیکھ کر شدید مشتعل ہوگئی اور اس نے کلہاڑی کے پے در پے وار کرکے شوہر کو شدید زخمی کردیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: شوہر و بیوی کا باہمی تعلق

پولیس نے ملزمہ رقیہ کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کو بیان دیتے ہوئے ملزمہ رقیہ نے بتایا کہ اس کے شوہر نے گھر میں اخراجات کے لیے پیسے دینا بند کردیے تھے جس کی وجہ سے شدید تنگی تھی اور غلام قمر اپنے گھریلو ذمہ داریوں سے بھی غفلت کا مظاہرہ کررہا تھا۔

ملزمہ نے بتایا کہ اسے اپنے شوہر پر غیرخاتون کے ساتھ تعلقات ہونے کا شبہ ہوا اور آج وہ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر غصے پر قابو نہ رکھ سکی اور ان پر کلہاڑی برسا دی جس کے نتیجے میں شوہر موقع پر ہی ہلاک جبکہ ساتھی خاتون شدید زخمی ہوگئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔