سچن ٹنڈولکر کی جگہ رکی پونٹنگ’’ممبئی انڈینس‘‘ کے کپتان مقرر

ویب ڈیسک  جمعرات 21 فروری 2013
ممبئی انڈینس کی کپتانی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی، رکی پونٹنگ   فوٹو : وکی پیڈیا

ممبئی انڈینس کی کپتانی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی، رکی پونٹنگ فوٹو : وکی پیڈیا

ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اپریل میں ہونے والے چھٹے ایڈیشن میں لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کی جگہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ممبئی انڈینس کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

سابق کرکٹر و کپتان رکی پونٹنگ کو رواں ماہ ہونے والی بولی میں آئی پی ایل کے لئے 4 لاکھ ڈالر میں خریدا گیا تھا۔ ممبئی انڈینس کے تھنک ٹینک کے رکن انیل کمبلے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رکی پونٹنگ کپتانی کا کافی تجربہ رکھتے ہیں جس کی بنا پر انہیں ممبئی انڈینس کی کپتانی کے لئے چنا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی انڈینس کے سابق کپتان سچن ٹندولکر بھی میرے اس فیصلے سے متفق ہیں اور ان کا بھی یہ خیال ہے کہ رکی پونٹنگ کے کپتان بننے سے ممبئی انڈینس کی بیٹنگ پرفارمنس میں خاصی بہتری آئے گی۔

دوسری جانب رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ممبئی انڈینس کی کپتانی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی اور مجھ پر اعتماد کرنے کے لئے میں مسز امبانی اور ممبئی انڈینس کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی انڈینس ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مضبوط ٹیم ہے اور میں اپنی پوری کوشش کروں گا کہ ٹیم آئی پی ایل میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔