لائیواسٹاک، ڈیری، پولٹری وایگریکلچر نمائش کل شروع ہوگی

بزنس رپورٹر  جمعـء 22 فروری 2013
پہلے دن وزیر اعلیٰ بی ایم آر رائس پیلنگ منصوبے کاافتتاح، گورنر اسٹیٹ بینک خطاب کرینگے۔   فوٹو: فائل

پہلے دن وزیر اعلیٰ بی ایم آر رائس پیلنگ منصوبے کاافتتاح، گورنر اسٹیٹ بینک خطاب کرینگے۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ میں زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک اور ثقافت کو فروغ دینے اوران شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کی غرض سے کراچی ایکسپو سینٹر میں دو روزہ لائیو اسٹاک، ڈیری، فشریز، پولٹری اور ایگریکلچرنمائش (ایل ڈی ایف اے) 2013 منعقدکی جارہی ہے جس کا آغاز ہفتہ 23 فروری سے کیا جائے گا۔

نمائش کے پہلے دن بی ایم آر رائس پیلنگ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کریں گے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک اور سندھ سرمایہ کاری بورڈکے چیئرمین محمد زبیر موتی والا بھی اس موقع پر خطاب کریں گے، نمائش کے دوران سیمنار سے جامعہ کراچی کے پروفیسر طحٰہ عظیم نندائی تحفظ اور ایگری بزنس مینجمنٹ کے بارے میں اظہار خیال کریں گے جبکہ ماہی گیری کے ماہر فیصل افتخار پاکستان میں ماہی گیری کا مستقبل اورفشریز کے مواقع کے حوالے سے اپنی تحقیقی رپورٹ پیش کریں گے۔

ڈائریکٹر سندھ پولٹری ویکسین ‘ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو پولٹری سیکٹر کو درپیش مسائل اور سندھ پولٹری ویکسین سینٹر کے اقدامات کے حوالے سے بریف کریں گے، اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک علی سومرو حکومت سندھ کے لائیو اسٹاک اور فشریز کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں اظہار خیال کریں گے، یہ نمائش خصوصی طور پر لائیواسٹاک سیکٹر سے منسلک لوگوں کیلیے ایک بڑا موقع ہوگی جہاں وہ مویشیوں کو درپیش صحت کے مختلف مسائل سے لے کر ان کی پرورش تک کے موضوعات پر معلومات حاصل کرسکیں گے۔

مزید برآں ہارس اینڈ کیٹل شو، پالتو مویشیوں، پھولوں، پرندوں کی نمائش، فوڈ کورٹ، سندھی کلچر اور فش شو بھی ایونٹ کے خاص پہلو ہیں، اس نمائش سے صنعتی و زرعی شعبوں کو فروغ ملے گا، نمائش میں حصہ لینے والے صنعتی شعبے کے سرمایہ کاروں کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کرینگے، ان صنعتوں میں فیڈ مینو فیکچرنگ، ویٹ سروسز اینڈ مینوفیکچررز، ویٹ کمپنیاں، مذبح خانے، لیبارٹریز، گولڈ چین اینڈ پیکیجنگ، ایمریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی سرٹیفیکٹس جاری کرنیوالے ادارے، فارم کنسٹرکشن کمپنیاں اور آلات بنانے والی کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔