ٹیسٹ رینکنگ: بھارت نے پاکستان کی چوتھی پوزیشن پر نظریں جمالیں

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2013
آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں1-0 یا بہتر مارجن سے فتح ڈیڑھ لاکھ ڈالر بھی دلا دے گی۔  فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں1-0 یا بہتر مارجن سے فتح ڈیڑھ لاکھ ڈالر بھی دلا دے گی۔ فوٹو : اے ایف پی

دبئی: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت نے پاکستان کی چوتھی پوزیشن پر نظریں جما لیں، نمبر ون پر جنوبی افریقہ کو کسی ٹیم سے کوئی خطرہ نہیں، البتہ دوسری سے چوتھی پوزیشنز اور بھاری انعامی رقوم دائو پر لگی ہوئی ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں 1-0 یا بہتر مارجن سے فتح بھارتی ٹیم کو یکم اپریل کی کٹ آف تاریخ تک چوتھے نمبر پر برقرار رکھ کر ڈیڑھ لاکھ ڈالر بھی دلا سکتی ہے، نمبر 3 آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑنے کیلیے اسے چاروں میچز جیتنا ہوں گے، دوسری پوزیشن پانے کیلیے آسٹریلیا کو سیریز میں2-0 یا بہتر مارجن سے فتح درکار ہے، اگر کینگروز ایسا کر گذرے اور موجودہ نمبر ٹو انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 3-0 سے قابو کر لیا تو دونوں ٹیموں کے119 پوائنٹس ہو جائیں گے، ایسے میں اعشاریائی فرق آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر پہنچا کر ساڑھے تین لاکھ ڈالر بھی دلا دے گا۔

جنوبی افریقہ پاکستان کو سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں مات دے کر پہلی پوزیشن کے ساتھ ٹرافی اور ساڑھے چار لاکھ ڈالر پر قبضہ یقینی بنا چکا ہے، تیسرے ٹیسٹ میں شکست سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا، یاد رہے یکم اپریل تک تیسرے نمبر پر موجود ٹیم کوڈھائی لاکھ ڈالر کا چیک دیا جائے گا۔ ٹاپ 9 ٹیمیں یہ ہیں، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش ، کم میچز کی وجہ سے زمبابوے کو ابھی رینکنگ میں شامل نہیں کیا گیا۔ بیٹسمینوں میں جنوبی افریقی ہاشم آملہ سرفہرست رہے۔

نویں پوزیشن پر براجمان یونس خان ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی پلیئر بنے، اظہر علی 11 اور مصباح الحق 12 ویں نمبر پر ہیں۔ بولرز کی ٹاپ پوزیشن پر بھی پروٹیز کا قبضہ اور ڈیل اسٹین سب سے آگے ہیں، ورنون فلینڈر کے بعد پاکستان کے سعید اجمل کا نمبر آتا ہے، اسپنر عبدالرحمان کی پوزیشن 12ویں رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔