سری لنکا نے ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرلیا، ویسٹ انڈیز باہر

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 20 ستمبر 2017
انگلینڈ کیخلاف میچ ہارنے کے بعد ویسٹ انڈیز2019 کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ بنانے میں ناکام ہو گئی . فوٹو : فائل

انگلینڈ کیخلاف میچ ہارنے کے بعد ویسٹ انڈیز2019 کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ بنانے میں ناکام ہو گئی . فوٹو : فائل

 لاہور: سری لنکن ٹیم ورلڈ کپ 2019 کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی 8 ویں ٹیم بن گئی جب کہ ویسٹ انڈیز اس دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

سری لنکا نے ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے، 30ستمبر ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ ہے، اس تاریخ تک ٹاپ 8 پوزیشنز پر براجمان ٹیمیں میگا ایونٹ میں براہ راست رسائی حاصل کرنے کی حقدار ہوں گی۔ ویسٹ انڈین ٹیم 78 پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں نمبر پر موجود ہے جب کہ سری لنکا 86 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں پوزیشن پر موجود ہے، 2 مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کو 5 میچز کی سیریز میں 4-0 یا 5-0 سے فتح درکار تھی تاہم پہلے میچ میں شکست کے بعد ان کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز نے ون ڈے سیریز کے بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں 42 اوورز میں 9 وکٹ پر 204 رنز بنائے، انگلش ٹیم نے 30.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ جونی بیئراسٹو نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔