قائد اعظم ٹرافی؛ چیمپئن کا فیصلہ کرنے کیلئے اتوار سے جنگ

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 فروری 2013
حیدرآباد کے رضوان خان 806 رنز بنا کر بیٹنگ میں سر فہرست۔   فوٹو : فائل

حیدرآباد کے رضوان خان 806 رنز بنا کر بیٹنگ میں سر فہرست۔ فوٹو : فائل

کراچی: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چیمپئن کا فیصلہ کرنے کے لیے اتوار سے جنگ شروع ہوگی،28 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہنے والے فائنل میں کراچی بلوز اور سیالکوٹ ریجن کا مقابلہ ہوگا۔

باٹم سکس کا 5 روزہ فائنل اسی روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں فیصل آباد اور بہاولپور کے درمیان شروع ہوگا، سپر ایٹ فائنل میں کمال مرچنٹ اور غفار کاظمی امپائرز ہوں گے جبکہ ثاقب خان ریزرو امپائر اورسعادت علی ریفری ہیں، باٹم سکس کے فائنل میں اکرم رضا اور روئید خان امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اشتیاق احمد ریفری ہیں،واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر گروپ اے میں سیالکوٹ نے15 پوائنٹس کے ساتھ گروپ چیمپئن کی حیثیت سے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، راولپنڈی کی ٹیم 12 پوائنٹس لے کر گروپ میں دوسری پوزیشن پر رہی۔

اسلام آباد نے3 پوائنٹس حاصل کیے اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہوئی،کراچی وائٹس ایک پوائنٹ بھی اپنے نام نہ کر سکی اور گروپ میں آخری پوزیشن پر رہی،دوسری جانب کراچی بلوزنے گروپ بی میں اپنے تینوں میچ جیتنے کے بعد 27پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں رسائی پائی،لاہور شالیمار نے12 اور حیدرآباد نے3 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی، لاہور راوی کوئی پوائنٹ نہ حاصل کرکے چوتھے نمبر پر رہی۔سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر حیدرآباد کے رضوان خان 806 رنز کے ساتھ بیٹنگ میں سر فہرست رہے۔

انھوں نے9 میچز کی15 اننگز میں 5 سنچریاں اور ایک نصف سینچری بھی بنائی،کراچی بلوز کے اکبر رحمان 798 رنز کے ساتھ دوسرے اور لاہور شالیما ر کے عمران بٹ 740 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہیں، عدنان اکمل نے646 رنز کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی، کراچی وائٹس کے عاطف مقبول نے 55 وکٹیں لے کر بولنگ میں اپنی برتری ثابت کی، وہ 7 مرتبہ اننگز میں 5 اور ایک بار میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے،لاہور شالیمارکے اعزاز چیمہ نے 43اور کراچی بلوز کے تابش خان نے34 وکٹیں لے کر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

قبل ازیں جمعرات کو سپر ایٹ کے تیسرے اور آخری رائونڈ میںگروپ اے میں ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر کراچی وائٹس اور میزبان اسلام آباد جبکہ گروپ بی میں لاہورکے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان شالیمار اورحیدر آباد کے مابین میچ ڈرا پر ختم ہو گئے، دوسری جانب باٹم سکس میں ملتان اسٹیڈیم میں میزبان ملتان اور فیصل آباد ، میرپور اسٹیڈیم میں بہاولپور اور پشاور کے درمیان میچ بھی فیصلہ کن ثابت نہ ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔