ویمنز اسٹیڈیم پی سی بی کے حوالے کرنے سے انکار

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 فروری 2013
پنجاب اسپورٹس بورڈ نے گرائونڈ کا نظم ونسق چلانے کے لیے 9 رکنی کمیٹی بنادی۔    فوٹو: فائل

پنجاب اسپورٹس بورڈ نے گرائونڈ کا نظم ونسق چلانے کے لیے 9 رکنی کمیٹی بنادی۔ فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن لاہور میں بنائے جانے والے ویمنز کرکٹ اسٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے نہیں کرے گی۔

چیف آرگنائزر اسپورٹس بورڈ پنجاب رانا مشہود نے  نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم سمیت کھیلوں کا تمام انفرااسٹرکچر پنجاب حکومت کی ملکیت ہیں،  کرکٹ بورڈکی بدقسمتی ہے کہ وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا رہا،انھوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں بنائے جانے والا ویمنز کرکٹ اسٹیڈیم  پی سی بی کے حوالے نہیں کیا جائیگا۔

گراؤنڈ کا نظم و نسق چلانے کیلیے 9 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں پی ایچ اے، اسپورٹس بورڈ پنجاب سمیت دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں بنائے گئے انڈور جمنازیم اور سوئمنگ پول سمیت دیگر نامکمل منصوبوں کی تکمیل کیلیے کنٹریکٹرز کو فنڈز جاری کردیے گئے ہیں، امید ہے کہ ایک ماہ میں کام مکمل ہوجائیں گے۔

رانا مشہود نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب اور دیگر ایونٹس کے حوالے سے جلد پروگرام کا اعلان کیا جائے گا، فیسٹیول میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کریں گے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے عارضی ملازمین کو مستقل کرانے کیلیے سمری جلد حکومت پنجاب کو پیش کردی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔