شہبازشریف کا ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 21 ستمبر 2017
میں نے قوم کا پیسہ کھایا ہے تو عدالت میں ثابت کرو، شہباز شریف؛فوٹوفائل

میں نے قوم کا پیسہ کھایا ہے تو عدالت میں ثابت کرو، شہباز شریف؛فوٹوفائل

ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں 123 ارب روپے کی لاگت کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے لیکن اس سے پہلے ڈیرہ غازی خان کے مسائل بہت زیادہ تھے، مجھے یاد ہے2010 میں ڈیرہ غازی خان میں آنے والے سیلاب نے سمندر کی شکل اختیار کرلی تھی، وہ سیلاب 100 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا جس نے شہر میں تباہی مچادی تھی مجھے اس وقت سمجھ آئی کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کیا ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: این اے 120 کی عوام نے نا انصافی پر مبنی عدالتی فیصلے کو رد کر دیا

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں 13 ارب روپے کی لاگت سے 55 کلومیٹر لمبی سڑک کی تعمیر کا یہ منصوبہ تاریخ ساز ہوگا، یہ منصوبہ اگلے سال 30 جون کو مکمل ہوجائے گا لیکن سڑک کے معیار کی نگرانی سب کو کرنی ہے، عوام کا پیسہ عوام کی خوشحالی پر خرچ ہونا چاہئے اور ہم عوام کی خدمت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اگر ہم نے 9 سال میں عوام کا ایک دھیلا بھی کھایا تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا ، مخالفین نے الزام لگائے کہ شہباز شریف نے 27 ارب روپے کی رشوت لی اور میں نے پاناماکیس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانے کی کوشش کی لیکن یہ تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے نوٹس دیا تو خان صاحب نے جواب کیوں نہیں دیا اگر میں نے عوام کا ایک پیسہ بھی کھایا ہے تو عدالت جاؤ اور ثابت کرو لیکن عمران خان تو عدالت میں پیش ہی نہیں ہوتے میں عدالت گیا تو تین چار سماعتوں میں سربراہ پی ٹی آئی پیش ہی نہیں ہوئے، عمران خان مختلف صوبوں میں جلسے کرتے ہیں ، خدا کے لیے عدالت میں بھی پیش ہوجائیں اگراتنے ہی چیمپئن بنتے ہو تو عدالت میں آکر ثبوت پیش کرو دیر کیوں کررہے ہو۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: انتخابی نتائج نے ثابت کردیا کہ عوام احتجاجی سیاست سے تنگ ہیں

وزیرا علیٰ نے کہا اگر میری ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو عدالت میں بھی مجرم اور اللہ کے سامنے بھی مجرم ، میں گنہگار آدمی ہوں اور اپنے آپ کو خادم اعلیٰ کہلوانے پر فخر محسوس کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب سے پورے پنجاب میں صاف پانی پروگرام کا آغاز کیاہے، خان صاحب ہمیں کہتے تھے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ڈینگی برادران ہیں لیکن جب پشاور میں ڈینگی کی وبا آئی تو خان صاحب پہاڑوں کی سیر پر چلے گئے۔

خان صاحب کو ہو نہ ہو لیکن ہمیں پشاور کے لوگوں کی فکر ہے وہ پاکستانی شہری ہیں ہماری دعا ہے کہ جلد سے جلد وہاں سے ڈینگی کی وبا ختم ہوجائے، ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے اسپتال میں کڈنی  اور دل کےوارڈ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں ڈیرہ غازی خان مسلم لیگ ن کا قلعہ ثابت ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔