کراچی میں مزید 5افراد قتل، لیاری گینگ کا اشتہاری راشد ریکھا ہلاک

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 فروری 2013
ماڑی پورمیںکانسٹیبل،رامسوامی میںمتحدہ کا کارکن، کھارادر، طارق روڈ،سچل میں3ہلاک،لیاقت آبادمیں متحدہ کے دفتر پرحملہ۔ فوٹو: فائل

ماڑی پورمیںکانسٹیبل،رامسوامی میںمتحدہ کا کارکن، کھارادر، طارق روڈ،سچل میں3ہلاک،لیاقت آبادمیں متحدہ کے دفتر پرحملہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہرمیں رینجرزسے مقابلے کے دوران لیاری گینگ کااشتہاری ملزم راشدریکھا مارا گیا۔

فائرنگ کے دیگرواقعات میں پولیس اہلکاراورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت مزید5افرادہلاک اور 8 زخمی ہوگئے،لیاقت آبادمیںمتحدہ قومی موومنٹ کے دفتر پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 کارکن زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود سیفی لائن ممباسااسٹریٹ پررینجرز نے چھاپہ مار کارروائی کی ،اس دوران ملزمان نے رینجرزپرفائرنگ کردی رینجرزکی جوابی فائرنگ میں لیاری گینگ وارکااہم ملزم35 سالہ راشدعرف ریکھاہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے لیاری کے مختلف علاقوں،کھارادر،میٹھا در اور آئی آئی چندریگر روڈ ، لیاقت آبادسمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ شروع کر دی۔رینجرزکی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا راشد عرف ریکھا 2 بچوں کا باپ تھا،راشد کی والدہ بلوچ جبکہ والد کشمیری ہیں،راشد نے جرائم کی دنیا میں قدم ارشد پپوگروپ کے کارندے غفار زکری کے گروپ سے شروع کی تھی ، راشد ریکھا کے خلاف لیاری کے چاروں تھانوں کے علاوہ نئپیر اورماڑی پور تھانے میں قتل،اقدام قتل ، پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین مقدمات درج تھے جس پر حکومت سندھ نے اس گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔

7

بعد ازاں ارشد پپو کی گرفتاری اور عبد الرحمٰن بلوچ کے پورے لیاری میں قبضے کے بعد راشد نے غفار زکری گروپ چھوڑکررحمٰن بلوچ کے ساتھ شمولیت اختیارکر لی تھی۔سانحہ شیر شاہ کے بعد راشد ریکھا کی گرفتاری پر انعامی رقم میں 10 روپے کااضافہ کر کے 20 لاکھ روپے کر دی تھی۔ گزشتہ دونوں گینگ وار کے ملزمان کے خلاف انعامی رقم کا خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم راشد پرانعامی رقم برقرار تھی۔ماڑی پور مچھرکالونی محمدی محلے کے رہائشی پولیس کاہیڈ کانسٹیبل40 سالہ مسلم شاہ کوگھر کے قریب نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔مقتول گارڈن ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا۔گارڈن کے علاقے رامسوامی خان محمدکمپاؤنڈکے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا40سالہ عبدالسلام ہلاک ہوگیا۔

مقتول رنچھوڑ لائن سیکٹر کے یونٹ 28 کاکارکن تھا ۔کھارادرکتیانہ میمن اسپتال کے قریب فائرنگ سے42سالہ عبد الکریم ہلاک ہوگیا۔طارق روڈکمرشل مارکیٹ خوشحال روڈپرموٹر سائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کر کے موچی 35 سالہ عبادت خان کوہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ سچل کے علاقے محمدخان گوٹھ کے قریب سے 30سالہ بنی بخش کی لاش ملی جسے ملزمان نے گلا دباکرقتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرارہوگئے ،مقتول سپرہائی کاٹھورموڑکارہائشی اورماہی گیرتھااوردو روز قبل گھر سے نکلا تھاکہ لاپتہ ہوگیا ،مقتول کاآبائی تعلق گوادرسے تھا۔بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 30سالہ محمدعلی زخمی ہوگیا۔

لیاقت آباد نمبر ایک رحمانی مسجدکے قریب مسلح ملزمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ آفس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 کارکن عمران،نعمان ، نعیم اور سلمان زخمی ہو گئے ،رینجرز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، رینجرز کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کرنے والے6 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے3سب مشین گن ،5 ٹی ٹی پستول ، 3 ایم 16 رائفل اور 2 دستی بم برآمد کرلیے جبکہ رینجرز کی ایک ٹیم نے ملیر بکرا پیڑی آنسو گوٹھ میں چھاپہ مار کر گینگ وار کے6 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔