ایشیا ہاکی کپ کیلیے قومی ٹیم کا اعلان، محمد عرفان نئے کپتان

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 21 ستمبر 2017

 لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیاء کپ کے لئے پاکستان کی 18رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

اعلان کے مطابق عبدالحسیم خان کی جگہ ٹیم کی قیادت محمد عرفان سینئر کے سپرد کی گئی ہے جبکہ رضوان سینئر نائب کپتان ہوں گے، اسکواڈ میں مجموعی طور پر 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اولمپیئن حسن سردار کی سربراہی میں تین رکنی نئی سلیکشن کمیٹی نے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کراچی میں ٹرائلز کے بعد 11سے 22 اکتوبر تک بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا ہاکی کپ کیلیے اسکواڈ کا انتخاب کیا۔

سابق کپتان عبدالحسیم خان 18 رکنی سکواڈ میں شامل نہیں، عرفان جونیئر، دلبر حسین اور علیم بلال کو بھی ڈراپ کرتے ہوئے عرفان سینئر، محمد عتیق، راشد محمود، رضوان سینئر اور وقاص اکبر کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی اسکواڈ میں محمد عرفان سینئر (کپتان)، رضوان سینئر (نائب کپتان)، مظہر عباس اور امجد علی (گول کیپرز)، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر، اظفر یعقوب، عمر بٹہ، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز امجد شامل ہیں۔

ریزور پلیئرز میں جنید کمال، علی حسن فراز، عرفان جونیئر، شان ارشاد، سلیم ناظم، قمر بخاری، خضر اختر، شجیع احمد اور حسن انور شامل ہیں۔ آفیشلز میں منیجر و ہیڈ کوچ فرحت خان، کوچز ملک شفقت اور محمد سرور، ٹیم ڈاکٹر عاطف بشیر اور ویڈیو اینالسٹ ابوذر امراﺅ ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔