پاکستان آئی سی سی کے سامنے اٹھ کھڑا ہوا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 ستمبر 2017
نئے کیلنڈر میں اس نوعیت کے مقابلوں کا انعقاد بھارت کیخلاف سیریز سے مشروط کر دیا ۔ فوٹو : فائل

نئے کیلنڈر میں اس نوعیت کے مقابلوں کا انعقاد بھارت کیخلاف سیریز سے مشروط کر دیا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پاکستان آئی سی سی کے سامنے اٹھ کھڑا ہوا، مخالفت کے سبب آئی سی سی ٹیسٹ اور ون ڈے لیگ  کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا،  پی سی بی نے نئے کیلنڈر میں اس نوعیت کے مقابلوں کا انعقاد پاک بھارت سیریز سے مشروط کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل کرکٹ  کوزیادہ دلچسپ اورسنسنی خیز بنانے کیلیے ٹیسٹ لیگ متعارف کرانے کا سوچ رہی ہے، اس میں 9 ٹیمیں 2 سال کے دوران آپس میں میچز کھیلیں گی، آخر میں ٹاپ ٹیم کا فیصلہ کرنے کیلیے پلے آف بھی ہوں گے، ون ڈے لیگ میں 13  ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ میچز کھیلیں گی، ان مقابلوں کو ورلڈ کپ کوالیفائر کا درجہ بھی حاصل ہو گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبرمیں آکلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کیا جائے گا، اس کے علاوہ فارغ وقت میں ٹیمیں باہمی سیریز شیڈول کر سکیں گی۔ ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘کے مطابق پی سی بی نے نئے اسٹرکچر سے اتفاق کیا تاہم  حتمی فیصلے کو پاک بھارت سیریز سے مشروط کردیا ہے۔

ایک آفیشل نے کہاکہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیاکہ ٹیسٹ یا ون ڈے لیگز کے دوران انفرادی طور پر کوئی سیریز شیڈول نہیں کریں گے، مگر اس کے ساتھ بھارت کو یہ یقین دہانی بھی کرانا ہو گی کہ وہ باہمی سیریز کے معاملے میں پیچھے نہیں ہٹے گا، انھوں نے کہا کہ ہم نے دیگر بورڈز سے سوال کیا کہ کیا آسٹریلیا یا انگلینڈ بھارت کے ساتھ مقابلے شیڈول کیے بغیر کسی کیلنڈر پر اتفاق کریں گے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ہم کیوں کریں۔ نیا مجوزہ اسٹرکچر صرف اسی صورت قابل عمل ہو سکتا ہے  جب پاکستان کے بھارت سے  مقابلے بھی شیڈول کیے جائیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہماری طرف سے نئے اسٹرکچر کے فیصلے پر دستخط کیے جانے کی توقع نہ کی جائے۔انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے پر ہمیں نشریاتی حقوق سمیت 130 ملین امریکی ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔