سری لنکا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 ستمبر 2017
پلیئرز کی دو ٹیمیں تشکیل دے کر میچ کھیلا گیا جو ڈرا ہو گیا۔- فوٹو: فائل

پلیئرز کی دو ٹیمیں تشکیل دے کر میچ کھیلا گیا جو ڈرا ہو گیا۔- فوٹو: فائل

 لاہور:  سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جب کہ پلیئرز کی دو ٹیمیں تشکیل دے کر میچ کھیلا گیا جو ڈرا ہو گیا۔

گزشتہ روز پی سی بی وائٹس نے چائے کے وقفے تک 27 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 82 رنز بنائے تھے جب بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا۔ اسد شفیق کی قیادت میں پی سی بی وائٹس نے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوپنر سمیع اسلم 50 اور شان مسعود 43 ریٹائرڈ ہو گئے، محمد رضوان 25 رنز پر ناقابل شکست رہے، اسد شفیق 13 رنز بنا سکے۔ وائٹس نے 55 اوورز میں 3 وکٹ پر 144رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

گرینز کی جانب سے محمد عامر، محمد عباس اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پی سی بی گرینز کھیل کے اختتام تک 37.4 اوورز میں 6 وکٹ پر 91 رنز بنا سکی۔ احمد شہزاد 30، حارث سہیل 20 جبکہ عرفان جونیئر11 رنز بنا سکے۔ کپتان سرفراز احمد 5، عثمان صلاح الدین 4 اور محمد اصغر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ وائٹس کی جانب سے حسن علی نے 8 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 شکار کئے، یاسر شاہ، بلال آصف اور سیف الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔