میٹرو بس سروس منصوبے میں ایشیا کی سب سے بڑی کرپشن کی گئی، پرویزالہیٰ

ویب ڈیسک  جمعـء 22 فروری 2013
میٹروبس منصوبے میں کرپشن میں ملوث سرکاری افسروں کے سربراہ ڈی جی ایل ڈی اے تھے اور انہیں وقت آنے پراربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہو گا، پرویز الہیٰ  فوٹو: فائل

میٹروبس منصوبے میں کرپشن میں ملوث سرکاری افسروں کے سربراہ ڈی جی ایل ڈی اے تھے اور انہیں وقت آنے پراربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہو گا، پرویز الہیٰ فوٹو: فائل

لاہور: نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہیٰ نے میٹرو بس سروس کو جنگلہ بس منصوبہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے میں ایشیا کی سب سے بڑی کرپشن کی گئی ہے۔

مسلم لیگ(ق) کے رہنما چوہدری پرویزالہیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس کرپشن میں ملوث سرکاری افسروں کے سربراہ ڈی جی ایل ڈی اے تھے اور انہیں وقت آنے پراربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہو گا۔

چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ جنگلہ بس دنیا بھرمیں ترک کیا گیا منصوبہ ہےاورلاہورمیں اس منصوبے پرآئے اخراجات کو چھپایا جارہا ہے، اس منصوبے کے لئے نہ تو پی سی ون بنایا گیا،نہ ہی  قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کیا گیا اور نہ کوئی  فزیبلٹی رپورٹ بنائی گئی۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پی اینڈ ڈی کے مطابق اس منصوبے پر 75 ارب روپےخرچ کئے گئے جبکہ ابھی تک بہت سے متاثرین کومکانوں اور دکانوں کا معاوضہ بھی نہیں دیا گیا۔ اس منصوبے کے ساتھ ہی لاہورکودوحصوں میں تقسیم کرنےسمیت شہریوں کی اربوں روپے کی املاک اور کاروباربھی تباہ کر دئیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔