پیس بیٹری کو طاقتوربنا کر سری لنکا پر حملے کا منصوبہ

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 ستمبر 2017
گھٹنے کی انجری کے شکار اظہر علی کو تکلیف سے نجات دلانے کیلیے انجیکشن لگا دیا گیا،مینجمنٹ فٹنس پر شکوک کے باوجودصلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے بے چین

گھٹنے کی انجری کے شکار اظہر علی کو تکلیف سے نجات دلانے کیلیے انجیکشن لگا دیا گیا،مینجمنٹ فٹنس پر شکوک کے باوجودصلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے بے چین

 لاہور:  ٹیسٹ سیریزکیلیے پیس بیٹری کو طاقتور بنا کر سری لنکا پر حملے کا منصوبہ تیارکرلیا گیا،چیف سلیکٹرانضمام الحق نے اسکواڈ میں 5 پیسرز کو شامل کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمر پہلی بار قومی اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے،گھٹنے کی انجری کے شکار اظہر علی کو تکلیف سے نجات دلانے کیلیے انجیکشن لگا دیا گیا۔مینجمنٹ فٹنس پرشکوک کے باوجود تجربہ کار بیٹسمین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے بے چین ہے،یاسر شاہ نے پریکٹس میچ میں 10اوورز کیے،لیگ اسپنر کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہفتے کو ٹیم کے اعلان سے قبل کیا جائے گا، اگر سلیکٹرز فٹنس سے مطمئن نہیں ہوئے تو محمد عرفان جونیئر کی قسمت کھل سکتی ہے جنھیں کیمپ میں طلب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکاسے یواے ای میں رواں ماہ شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان ہفتے کو ہوگا، دونوں ملکوں کے مابین 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 28ستمبر کو ابوظبی میں طویل فارمیٹ کے پہلے میچ سے ہوگا،فٹنس پر شکوک کے باوجود اظہر علی اسکواڈ میں شامل ہوںگے۔دورئہ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے یونس خان اور مصباح الحق کی خدمات سے محرومی کے باوجود تجربہ کار محمد حفیظ کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

اس صورتحال میں بیٹنگ کو استحکام دینے کیلیے اظہر علی اور اسد شفیق کا کردار اہم ہوگا، دونوں کا بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے،اظہر علی گھٹنے کی انجری کے سبب تربیتی کیمپ میں زیادہ سرگرم نظر آنے کے بجائے ڈاکٹر کی زیرنگرانی بحالی فٹنس کیلیے کوشاں رہے، پریکٹس میچ کے پہلے روز میدان میں نہ اترنے والے تجربہ کار بیٹسمین نے دوسرے دن بھی ہلکی پھلکی ٹریننگ پر اکتفا کیا، ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ بیٹنگ لائن کمزور پڑنے کے خدشات میں مبتلا ہے، تکلیف سے نجات کیلیے اظہر علی کو گزشتہ روز انجیکشن بھی لگا دیا گیا،ذرائع کے مطابق وہ پہلے سے بہتر محسوس کررہے ہیں اور مینجمنٹ پُرامید ہے کہ28ستمبر کو پہلے ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔

بصورت دیگرمتبادل کولیا جائے گا، احمد شہزاد مضبوط امیدوار ہیں،دوسری جانب یاسر شاہ کی فٹنس بھی متاثر کن نہیں لیکن یواے ای کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے مینجمنٹ ان کی خدمات سے بھی محروم نہیں ہونا چاہتی، لیگ اسپنر گزشتہ روز پریکٹس میچ کے دوران ایکشن میں بھی نظر آئے اور10اوورز کیے، اگر سلیکٹرز ان کی فٹنس سے مطمئن نہیں ہوئے تو محمد عرفان جونیئر کی قسمت کھل سکتی ہے جنھیں کیمپ میں طلب کر لیا گیا ہے۔ دریں اثنا لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ یاسر شاہ اہم بولر ہیں اس لیے ان کے فٹنس ٹیسٹ کا انتظار کیا جارہا ہے، اظہر علی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور وہ اسکواڈ میں شامل ہونگے،حتمی فیصلے کیلیے تھوڑا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صورتحال ہفتے کوواضح ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریزکیلیے 5 فاسٹ بولرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ تربیتی کیمپ میں پیسرز محمد عامر،حسن علی،محمد عباس، وہاب ریاض اور میر حمزہ کو طلب کیا گیا تھا،چیف سلیکٹر نے پانچوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمر میر حمزہ ابھی انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظر ہیں، ذرائع کے مطابق 18ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل محمد رضوان اور بلال آصف کی پوزیشن خطرے میں ہے۔ واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ دبئی میں 6 سے10اکتوبر تک کھیلا جائے گا،دونوں ٹیمیںاس کے بعد 5 ون ڈے اور3 ٹوئنٹی 20 میچز میں بھی مدمقابل ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔