بھارت میں یوکرائن کے سفیر کا آئی فون چھن گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 ستمبر 2017
یوکرائن کے سفیر کا موبائل فون حاصل کرنے کیلئے تمام تر کوششیں کررہے ہیں، پولیس ۔ فوٹو : فائل

یوکرائن کے سفیر کا موبائل فون حاصل کرنے کیلئے تمام تر کوششیں کررہے ہیں، پولیس ۔ فوٹو : فائل

نئی دہلی: پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کرنے والے بھارت کا یہ حال ہے کہ وہاں غیر ملکی سفیر بھی محفوظ نہیں ہیں اور دن دیہاڑے ایک راہزن بھارت میں تعینات یوکرائن کے سفیر ڈاکٹر اگور پولکا کا مہنگا فون چھین کر رفو چکر ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرائن کے سفیر ڈاکٹر اگور پولکا نے صبح کے وقت اپنی سرکاری گاڑی اور ڈرائیور کو دریا گنج کی پارکنگ میں چھوڑا اور خود لال قلعہ کی سیر و تفریح کے لئے نکل گئے۔

فوٹوگرافی کے شوقین یوکرائنی سفیر نے لال قلعہ کے انگوری باغ میں چند تصاویر بنانے کے لیے اپنا آئی فون نکالا اور انہوں نے بمشکل 2 ہی تصویریں لی ہوں گی کہ اس دوران اچانک ایک شخص آیا اور ان کا آئی فون چھین کر فرار ہو گیا۔ یہ سب اتنا جلدی ہوا کہ یوکرائن کے سفیر اس چور کا پیچھا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکے تاہم انہوں چور کے بارے میں کچھ تفصیلات پولیس کو فراہم کی ہیں۔

دوسری جانب کوتوالی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم یوکرائن کے سفیر کا موبائل فون حاصل کرنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔