پاکستانی بیٹنگ لائن کو گھر بیٹھے زنگ لگنے لگا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 ستمبر 2017
ٹیسٹ کپتان کی ٹیم گرینز نے صرف91رنز کے سفر میں 6 وکٹیں گنوائیں، حسن علی 3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر
 فوٹو : فائل

ٹیسٹ کپتان کی ٹیم گرینز نے صرف91رنز کے سفر میں 6 وکٹیں گنوائیں، حسن علی 3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر فوٹو : فائل

 لاہور: پاکستانی بیٹنگ لائن کو گھر بیٹھے زنگ لگنے لگا،سری لنکا سے سیریز کی تیاری کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ پریکٹس میچ میں سمیع اسلم اور شان مسعود کے سواکسی کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی۔

احمد شہزاد نے 30 رنز بنائے،حارث سہیل20، اسد شفیق13،کپتان سرفراز احمد 5،عثمان صلاح الدین 4 اور بابر اعظم ایک رن تک محدود رہے، محمد رضوان25 پر ناقابل شکست پویلین لوٹے، ٹیسٹ کپتان کی ٹیم گرینز نے صرف 91رنز کے سفر میں 6 وکٹیں گنوائیں، حسن علی 3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ ہفتے کی صبح 2گھنٹے کے ٹریننگ سیشن کے ساتھ ختم ہوجائے گا،ہیڈ کوچ آرتھر نے2 ٹیمیں تشکیل دیکر پریکٹس میچ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پی سی بی گرینز تشکیل دی گئی، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد عامر، محمد عباس، محمد اصغر، میر حمزہ، محمد عرفان (لیگ اسپنر)، علی مصطفی اور حسنات عباس شامل تھے۔

وائٹس کا کپتان اسد شفیق کو بنایا گیا، ان کوسمیع اسلم، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، بلال آصف، یاسر شاہ، وہاب ریاض، حسن علی، سیف الرحمان اور قمر عباس کی خدمات حاصل تھیں، ٹیمیں پوری کرنے کیلیے مقامی کرکٹرز کو بھی شامل کیا گیا۔ جمعرات کو پہلے روز پی سی بی وائٹس نے چائے کے وقفے تک 27 اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے82 رنز بنائے،شان مسعود41اور سمیع اسلم 40 پر ناقابل شکست تھے کہ بارش نے مداخلت کردی اور کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لوٹ گئے، پی سی بی وائٹس نے گزشتہ روز اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوپنر سمیع اسلم ففٹی مکمل کرنے کے بعد اور شان مسعود 43 رنز پر ریٹائر ہو گئے،اسد شفیق 13 رنز بنا سکے تھے کہ محمد عباس نے بولڈ کردیا، بابر اعظم صرف ایک رن بنانے کے بعد محمد اصغر کا شکار بن گئے، بلال آصف(3) کو محمد عامر نے چلتا کیا، محمد رضوان 25 رنز پر ناقابل شکست رہے، وائٹس نے 55 اوورز میں 3 وکٹ پر 144رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی۔

عامر، محمد عباس اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پی سی بی گرینز کی اننگز تباہی کا شکار نظر آئی، حارث سہیل 20 رنز بناکر حسن علی کی وکٹ ثابت ہوئے، عثمان صلاح الدین4 رنز بناکر بلال آصف کا شکار بنے، کپتان سرفراز احمد(5) کو حسن علی نے دھر لیا، احمد شہزادکی 30رنز کی مزاحمت یاسر شاہ نے ختم کردی، محمد اصغر بغیر کوئی رن بنائے حسن کو وکٹ دیکر پویلین لوٹے، عرفان جونیئر11 رنز بنا سکے،ان کا شکار معاونت کیلیے بلائے گئے بولر سیف نے کیا، گرینز ٹیم کھیل کے اختتام تک 37.4 اوورز میں 6 وکٹیں گنواکر صرف91 رنز بنا سکی، حسن علی دونوں ٹیموں میں سب سے کامیاب بولر رہے،پیسر نے 8 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 شکار کیے۔

یاسرشاہ، بلال آصف اور سیف الرحمان نے 1، 1 وکٹ اڑائی، وہاب ریاض کوئی کامیابی نہ حاصل کرپائے۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم نے دورئہ ویسٹ انڈیز کے بعد کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی،چیمپئنز ٹرافی کے بعد اگلی مصروفیت ورلڈ الیون سے سیریز کے ٹی ٹوئنٹی میچز تھے، طویل فارمیٹ میں نئے کپتان سرفراز احمد کو یونس خان اور مصباح الحق جیسے تجربہ کار بیٹسیمنوں کی خدمات بھی حاصل نہیں ہیں، پریکٹس میچ میں بڑے ناموں کی مایوس کن کارکردگی سے ظاہرہوتا ہے کہ انھیں فارغ وقت میں بیٹنگ لائن کو لگا زنگ اتارنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔