ڈپلومیٹک انکلیو شیٹل سروس ریکارڈ غائب؛ذمے داروں کیخلاف مقدمے کی ہدایت

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 23 ستمبر 2017
ایف آئی آرکی کاپی7 روزمیں پیش کی جائے،ذیلی کمیٹی، سیکٹرجی سیون میں غیرقانونی قابضین کے معاملے پربھی رپورٹ ایک ماہ میں طلب
فوٹو: فائل

ایف آئی آرکی کاپی7 روزمیں پیش کی جائے،ذیلی کمیٹی، سیکٹرجی سیون میں غیرقانونی قابضین کے معاملے پربھی رپورٹ ایک ماہ میں طلب فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کی ذیلی کمیٹی نے اسلام آبادکے سیکٹرجی سیون میں غیرقانونی قابضین کے معاملے پرایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے،کمیٹی نے ڈپلومیٹک انکلیوشٹل سروس کی رجسٹریشن نہ ہونے اوراس کا ریکارڈ غائب کرنے کے ذمے داروں کیخلاف ایف آئی آردرج کرنیکی ہدایت کر دی۔

پی اے سی کی ذیلی کمیٹی اجلاس کنوینر مشاہد حسین سیدکی زیرصدارت  ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون میں کچی آبادی کے غیرقانونی قابضین اور ڈپلومیٹک انکلیوکی شٹل سروس کی رجسٹریشن کے معاملات زیرغورلائے گئے۔  آڈٹ حکام نے کمیٹی کوبتایاکہ ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس ایس ای سی پی سے رجسٹرڈنہیں تھی، سروس کا کنٹریکٹ ایک سال کاتھا لیکن یہ سروس مسلسل9سال تک جاری رہی، دوسری طرف سی ڈی اے میں اس کیس سے متعلق اہم دستاویزات غائب کردی گئیں۔

معاملے میں ملوث سی ڈی اے اہلکاروں نے ریکارڈغائب کردیا۔ رکن کمیٹی میاں عبدالمنان نے کہاکہ پہلے سی ڈی اے کو44ہزارروپے سالانہ آمدن تھی جو اب 9کروڑ روپے سالانہ تک پہنچ گئی ۔یہ سب صرف پی اے سی کے ایکشن کی بدولت ہی ہوا۔ ایک سال کا کنٹریکٹ9 سال تک کیسے گیا۔ کمیٹی اراکین کے استفسار پر سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ نے  بتایا کہ اس میں ملوث افراد کو پہلے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے بعدازاں انھیں نوکری سے بھی برطرف کردیاگیا۔کمیٹی نے سی ڈی اے سے جی سیون میں غیرقانونی قابضین کے معاملے پر ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔