آئندہ بجٹ میں ٹیکس دہندگان کیلیے انعامی اسکیمیں لانے پرغور

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 23 فروری 2013
بڑے ٹیکس دہندگان کو قرعہ اندازی سے انعامات دینے کی سفارشات کا جائزہ لیا جارہاہے، ذرائع فوٹو: فائل

بڑے ٹیکس دہندگان کو قرعہ اندازی سے انعامات دینے کی سفارشات کا جائزہ لیا جارہاہے، ذرائع فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2013-14 کے وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار ملازمین و دیگر انفرادی ٹیکس دہندگان کیلیے خصوصی انعامی اسکیم کے علاوہ بڑے ٹیکس دہندگان کیلیے خصوصی اسکیمیں متعارف کرانے کی تجاویز کا جائزہ لیناشروع کردیا ہے جن کا بنیادی مقصد ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہے۔

وزارت خزانہ کے سینئر افسر نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ تجویز ہے کہ جو تنخواہ دار ملازمین اور انفرادی ٹیکس دہندگان باقاعدگی کے ساتھ 10 ہزار روپے سالانہ سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں انہیں خصوصی ریوارڈ اور سرٹیفکیٹس دیے جائیں اور ان کے ساتھ سرکاری اداروں میں بھی ترجیحی سلوک کیا جائے۔

اس کے علاوہ بڑے ٹیکس دہندگان کیلیے جو اسکیم زیر غور ہے اس میں کہا گیا ہے کہ تمام این ٹی این نمبرز کے لیے انعامی قرعہ اندازی کی جائے اور جو این ٹی این اس قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پائیں انہیں انعامات دیے جائیں، اس سے ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ان تجاویز کا حتمی جائزہ لیا جارہا ہے اور ان تمام بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے کر آئندہ مالی سال کے لیے فنانس بل کے مسودے میں شامل کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ تجاویز ایف بی آر کی فیلڈ فارمشنز سے بھی دی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس دہندگان کو مراعات دی جائیں اور جو لوگ باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس جمع کرارہے ہیں انہیں خصوصی پروٹوکول دیا جائے تاکہ نہ صرف انکی حوصلہ افزائی ہو بلکہ دوسرے لوگ بھی ٹیکس نیٹ میں آئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔