کرکٹرزنے قورمے اورکڑاھی گوشت سے توبہ کرلی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 24 ستمبر 2017
جدیدکرکٹ کے تقاضوں پرپورااترنے کیلیے ڈائیٹ پلان پرعمل کرنا ہو گا، کپتان ۔  فوٹو : فائل

جدیدکرکٹ کے تقاضوں پرپورااترنے کیلیے ڈائیٹ پلان پرعمل کرنا ہو گا، کپتان ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  قومی کرکٹرز نے قورمے اور کڑاھی گوشت سے توبہ کرلی،کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی 5ماہ سے فٹنس کیلیے بہت محنت کر رہے ہیں،بہتری بھی آگئی،شاید ہی اب کوئی بدپرہیزی کی کوشش کرتا ہو۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں سجال کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کرکٹ میں فٹنس کا مرکزی کردار ہے، جب آپ تینوں فارمیٹس کھیل رہے ہوں تو خود کو فٹ رکھنے پر زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے،اس لیے میری کوشش ہے کہ کسی طرح کے مسائل نہ ہوں،یواے ای میں سخت گرمی ہوگی،مجھے وکٹ کیپنگ بھی کرنا ہے، اس لیے فٹنس کا بہت اہم کردار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی5 ماہ سے فٹنس کیلیے بہت محنت کر رہے ہیں جس کی بدولت مسلسل کھیل میں بہتری آنے لگی، فیلڈنگ میں بہتری کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کھلاڑی پہلے سے زیادہ فٹ اور مستعد ہیں۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے بتایا کہ فٹنس کے معاملے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کسی مصلحت سے کام لینے کو تیار نہیں ہوتے،پلیئرز بھی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہیں، قورمہ، کڑاھی گوشت اور چاول سمیت کوئی ایسی بدپرہیزی نہیں کرتا کہ اس کیلیے فٹنس مسائل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ جدید کرکٹ کے تقاضوں پر پورا اترنا ہے تو مینجمنٹ کے ڈائیٹ پلان پر پوری طرح عمل درآمد کرنا ہوگا،میرا نہیں خیال کہ موقع ملنے پر بھی کوئی کھلاڑی قورمہ، کڑاھی وغیرہ استعمال کرکے اپنے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوگا۔ یاد رہے کہ عمراکمل کے حوالے سے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انھوں نے گوشت خوری سے اپنا وزن بڑھایا اور فٹنس خراب کرلی، اس کی وجہ سے انھیں چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ سے ڈراپ کرکے وطن واپس بھجوا دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔