سلمان کی واپسی کا گرین سگنل؛بورڈ کی پالیسی پرانگلیاں اٹھنے لگیں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 24 ستمبر 2017
کرپشن کوجڑ سے اکھاڑنے کیلیے بورڈ آفیشلز پر بھی کڑی نظر رکھی جائے،عامر
فوٹو: ایکسپریس/فائل

کرپشن کوجڑ سے اکھاڑنے کیلیے بورڈ آفیشلز پر بھی کڑی نظر رکھی جائے،عامر فوٹو: ایکسپریس/فائل

 لاہور: سلمان بٹ کی واپسی کا گرین سگنل ملتے ہی کرپشن کیخلاف بورڈ کی پالیسی پر انگلیاں اٹھنے لگیں،سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹرز کو کم سزائیں دی گئیں، اب سلمان بٹ کو واپس لانے کی تیاری ہو رہی ہے، عامر سہیل نے کہاکہ کرپشن کوجڑ سے اکھاڑنے کیلیے پی سی بی آفیشلز پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام نے کہا کہ 6سال انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری کے باوجود سلمان بٹ کی فٹنس بہترین ہے، انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے بعد ہائی پرفارمنس کیمپ کے دوران بھی اپنی کارکردگی سے متاثر کیا،اوپنر کو قومی ٹیم میں واپس لانے سے قبل ’’اے‘‘  ٹیم کے ساتھ ٹور کرائے جائیں گے،دوسری جانب سلمان بٹ کی واپسی کا راستہ بنتے دیکھ کر بورڈ کی ڈھیلی پالیسی پر انگلیاں اٹھنے لگی ہیں۔

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹرز کو کم سزائیں دی گئیں،اب سلمان کو پاکستان کی جانب سے کھیلنے کیلیے گرین سگنل دیدیا گیا۔ عامر سہیل نے کہا کہ کرپشن کوجڑ سے اکھاڑنے کیلیے پی سی بی آفیشلز پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔اپنے ایک کالم میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ جب مشکوک افراد بورڈ عہدیداروں سے کھلے عام ملیں گے تو کھلاڑیوں کو بھی یہ خوش فہمی ہوگی کہ اگر کچھ غلط کربھی لیا تو کوئی پریشانی نہیں ہوگی،مشکوک ماضی کے حامل کرکٹرز کو پی سی بی میں ذمہ داریاں دینے سے یہ تاثر ملا کہ کرپشن کرنے کے باوجود معاملہ بالآخر ختم ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔