تحریک انصاف کراچی کی تنظیم 2 دھڑوں میں تقسیم

اسٹاف رپورٹر  اتوار 24 ستمبر 2017
عمران خان کی ہدایت پرآج اسد عمرکراچی پہنچ کر اختلافات ختم کرائیں گے
 فوٹو: فائل

عمران خان کی ہدایت پرآج اسد عمرکراچی پہنچ کر اختلافات ختم کرائیں گے فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان تحریک انصاف کراچی کی تنظیم 2 دھڑوں میں تقسیم ہو گئی، ناراض عہدیداران اور کارکنان کی جانب سے اتوار کو انصاف ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے اور دھرنا دینے اور شہر کے تمام اضلاع میں احتجاجی تحریک کی دھمکی کے بعدپارٹی کے چیئرمین عمران خان نے کراچی کے رہنما سے ٹیلیفون پر بات کرکے مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت کی۔

جس پر عمران خان کی ہدایت پر آج (اتوار) کی شام کو  پارٹی کے مرکزی رہنما اسد عمر کراچی پہنچ کر تحریک انصاف کراچی کے عہدیداران اور کارکنان سے مذاکرات اور اختلافات ختم کرانے کی کوشش کریں گے، تحریک انصاف کے ناراض کارکنان کے مطابق تحریک انصاف سندھ کے صدر اور کراچی کے صدر اور دیگر عہدیداران من مانے فیصلے کر رہے ہیں اور جو نئی کیبنٹ لائی گئی ہے اس کے سلسلے میں کراچی کے تمام ضلعی صدور، اور عہدیداران سے کسی قسم کے صلاح مشورے نہیں کیے گئے اور جو کوآرڈینیٹر کے نئے عہدے منظور نظر افراد کو دیے گئے کہ وہ اتنے بااختیار تھے کہ باقی عہدیداران کی اہمیت باالکل ختم ہوگئی، پرانے اور نظریاتی کارکنان کو سائیڈ لائن کردیاگیا۔

اس ہی وجہ سے عمران خان جب بھی کراچی آتے ناراض کارکنان کی ان ملاقات نہیں کروائی جاتی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کراچی کے رہنما سردار عبدالعزیز خان، اور ضلعی صدور اور عہدیداران نے اتو ار کو احتجاج کی کال دی تھی جسے عمران خان کی ہدایت پر موخر کردیا گیا ،تحریک انصاف کراچی کے رہنما سردار عبدالعزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف سندھ اور کراچی کے صدر اور دیگر عہدیداران کی جانب سے مسلسل ناانصافیوں کی وجہ پارٹی کے کراچی کے عہدیداران اور کارکنان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔

جس کی وجہ سے آج اتوار 24 ستمبرکواحتجاج اور دھرنے کا پروگرام بنایا تھا جس کی اطلاع پر پارٹی کے چیئرمین عمران خان کا میرے پاس فون آیا ان کا کہنا تھا کہ مسائل احتجاج کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کریں، اس سلسلے میں اتوار کی شام 6بجے مرکزی رہنما اسد عمر کراچی آرہے ہیں ان کے ساتھ انصاف ہاؤس میں ہمارے مذاکرات ہوں گے ہمیں امید ہے اس بات چیت کے ذریعے سے مسائل حل ہوجائیں گے، پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان دوا خان صابر کے مطابق پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ہے بعض رہنماء من پسند عہدے چاہتے ہیں لیکن پارٹی قیادت تمام فیصلے میرٹ کرے گی اور کارکنوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔