کریم آباد: بازار فیصل کی ایک درجن دکانیں لوٹ لی گئیں

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 فروری 2013
بازارفیصل میں دکانوں کے تالے توڑکر سامان اور نقدی لوٹنے کی واردات کے بعد دکاندار افسردہ کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

بازارفیصل میں دکانوں کے تالے توڑکر سامان اور نقدی لوٹنے کی واردات کے بعد دکاندار افسردہ کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: کریم آباد میں واقع بازار فیصل میں مسلح افراد12 دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈاکوئوں نے چوکیداروں کو رسی سے باندھ دیا اور واردات کے بعد اطمینان سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کیا ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی اور دکانداروں نے اپنے طور پر ہی چوکیداروں کو تعینات کیا ہوا ہے ، تفصیلات کے مطابق کریم آباد میں واقع بازار فیصل کی متعدد دکانیں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لوٹ لی گئیں، ایک درجن سے زائد ڈاکو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مارکیٹ پہنچے اور چوکیداروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور رسیوں سے باندھ دیا جس کے بعد ڈاکوئوں نے کپڑے اور کاسمیٹکس کی متعدد دکانوں کے تالے توڑ کر دکانوں سے قیمتی سامان اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

2

دکانداروں کا کہنا ہے کہ لوٹے جانے والے سامان کی مالیت لاکھوں روپے ہے ، جمعہ کی صبح جب دکاندار پہنچے تو انھوں نے دکانوں کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے، دکاندار اپنی جمع پونجی لٹنے پر چراغ پا ہوگئے اور انھوں نے کریم آباد کی مرکزی سڑک پر احتجاج کیا ، احتجاج کے دوران دکانداروں نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کو پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی جبکہ دکانداروں نے اپنے طور پر ہی مارکیٹ کی حفاظت کے لیے چوکیدار تعینات کیے ہوئے ہیں، احتجاج کے باعث کریم آباد پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل ہوگیا ، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

بعدازاں مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا ، اس سلسلے میں ایس ایچ او عزیز آباد حسیب اللہ قریشی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مارکیٹ کی 10 دکانوں کے تالے توڑے گئے ہیں ، ڈاکوئوں نے مارکیٹ کے چوکیداروں کو رسی سے باندھ کر کارروائی کی ، جمعہ کی صبح جب دکاندار پہنچے تو انھیں واردات کا علم ہوا، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ لوٹے گئے سامان کی مالیت انتہائی کم ہے اور دکاندار زیادہ بتارہے ہیں ، انھوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹ کے 22 راستے ہیں ، واقعے کا مقدمہ جمعہ کی شام تک درج نہیں کرایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔