بلدیاتی نظام کی بحالی پیپلز پارٹی کا ڈرامہ ہے، جماعت اسلامی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 فروری 2013
کراچی پرقبضے کی جنگ کا عذاب عوام و تاجروں کو بھگتنا پڑرہا ہے،راجہ سلطان. فوٹو: فائل

کراچی پرقبضے کی جنگ کا عذاب عوام و تاجروں کو بھگتنا پڑرہا ہے،راجہ سلطان. فوٹو: فائل

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین اسمبلی مظفراحمد ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ خان شجیع، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اورمحمد یونس بارائی نے اپنے مشترکہ بیان میں1979کے بلدیاتی نظام کی بحالی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیپلزپارٹی کا سیاسی ڈرامہ ہے۔

حکومت نے متحدہ کی بلیک میلنگ کے ہاتھوں مجبور ہوکر عوامی احساسات وجذبات کے برعکس نیا بلدیاتی نظام متعارف کرایا تھا، متحدہ نے 5 سال تک اقتدار کے مزے لیے ہیں اب اپنے مفادات پر ضرب پڑنے پر واویلا مچا رہی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ الیکشن سے چند دن قبل دونوںجماعتوں نے مل کر ڈرامہ کیا ہے تاکہ عوام سے ہمدردیاں حاصل کی جاسکیں، متحدہ نے استعفے کا ڈرامہ کیا جب کہ پیپلزپارٹی نے بل واپس لے کر اپنے دامن پر لگے سیاہ داغ دھونے کی کوشش کی ہے۔

4

دریں اثناجماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر راجہ عارف سلطان نے لیاری آپریشن پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں، قاتلوں، بھتہ خوروں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جانی چاہیے اور جن علاقوںکو بیرئیر لگا کر نوگوایریاز بنایا گیا ہے ان علاقوں کو واگزار کرایا جائے، انھوں نے کہاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی قبضے کی جنگ جاری ہے جس کا عذاب عوام اور تاجروں کو بھگتنا پڑرہا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلاتفریق تمام علاقوں میں موجود دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔