انسداد پولیو مہم نا مکمل، لاکھوں بچے حفاظتی خوراک سے محروم

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 فروری 2013
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعدد ٹائونز میں مہم مقررہ تاریخ پرشروع نہیں کی گئی،شہرمیں 25سے 27فروری کے دوران مہم چلانیکا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متعدد ٹائونز میں مہم مقررہ تاریخ پرشروع نہیں کی گئی،شہرمیں 25سے 27فروری کے دوران مہم چلانیکا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے 18فروری کوشروع کی جانے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم متاثر ہوگئی۔

رواں سال شروع کی جانے والی مہم بھی نامکمل اور ادھوری رہی جس کی وجہ سے کراچی سمیت ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیوکی قومی مہم کے دوران 16لاکھ بچے ایک بار پھر پولیو سے بچائو کی حفاظتی خوراک سے محروم رہ گئے ہیں ، بعض ٹائونز میں مہم چلائی گئی جو نامکمل رہی ،  پولیومانیٹرنگ سیل کے مطابق کراچی کے8 ٹائونز گلشن اقبال ، لانڈھی ، کورنگی ، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی،گلبرگ ، لیاقت آباد اورصدر میں 3لاکھ 83ہزار 83 بچے، خیبرپختونخوا میں7 لاکھ50 ہزار بچے ،کوئٹہ میں4لاکھ بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہے، اس کے علاوہ فاٹا میں50 ہزار بچوں کو پولیوسے بچائوکے قطرے نہیں پلائے جاسکے۔

5

سانحہ کیرانی روڈ دھماکے کے باعث کوئٹہ شہر میں مہم ملتوی کردی گئی تھی جس کے نتیجے میں 4 لاکھ بچے اور چارسدہ میں دو لاکھ 90ہزار ، مردان میں 3 لاکھ 90 ہزار بچے پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پینے سے محروم رہے ہیں ، پولیو مانیٹرنگ سیل کے مطابق تین روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف طے کیا گیا تھا،ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے پولیو رضاکاروں کوسیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت ظاہر کرلی ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں انسداد پولیو مہم مقررہ وقت پر شروع نہیں کی جا سکی،معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں 25سے 27فروری کے دوران پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔