ہوم سیریز؛شاہینوں کا متحدہ عرب امارات میں بسیرا

اسپورٹس رپورٹر  پير 25 ستمبر 2017
 مصباح نے ٹیم کو صبر کا دامن تھامے رکھنے کا مشورہ دے دیا، سری لنکن ٹیم نے بھی خلیجی ملک میں پڑاؤ ڈال دیا، روانگی سے قبل کولمبو میں دعائیہ تقریب

 مصباح نے ٹیم کو صبر کا دامن تھامے رکھنے کا مشورہ دے دیا، سری لنکن ٹیم نے بھی خلیجی ملک میں پڑاؤ ڈال دیا، روانگی سے قبل کولمبو میں دعائیہ تقریب

 لاہور:  سری لنکا کے خلاف تینوں طرز کی کرکٹ میں رنگ جمانے کیلیے شاہینوں نے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر اپنے پنجے گاڑ دیے، باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز پیر سے ہوگا۔

کپتان سرفراز احمد نے حریف سائیڈ کیلیے خطرے کے گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کپتان کی کوشش ہوتی ہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کے ساتھ فاتحانہ آغاز کرے، میری خواہش ہے کہ پہلے میچ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے قیادت کا حق ادا کروں، ادھر سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے گرین کیپس کو مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں صبر اور برداشت بہت ضروری ہے، طویل طرز کی کرکٹ میں سرفراز الیون کو صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریزکھیلنے کیلیے قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں متحدہ عرب امارات پہنچ گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم ہفتے کی رات نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچی۔

جہاں سے صبح غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی پہنچی، یو اے ای روانہ ہونے والوں میں 16 کھلاڑی اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان)، عثمان صلاح الدین، محمد عامر، حسن علی، محمد اصغر، یاسر شاہ، محمد عباس، بلال آصف، میر حمزہ اور وہاب ریاض شامل ہیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت 9 آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی پہنچی تو وہاں موجود مداحوں نے قومی کرکٹرز کا پرتپاک استقبال کیا اوران کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں، اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سیریز کے حوالے سے سوال کیا تو سرفراز احمد نے اپنے ’’اچھوتے اور منفرد انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ’’ جو کہیں گے، ایک ہی بار کہیں گے، یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر کو ابوظبی میں شیڈول ہے، دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ 6 اکتوبر سے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز بالترتیب 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کی صورت میں تیسرا اور آخری ٹوئنٹی20 میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلیے پاکستانی ٹیم اپنی باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز پیر سے کرے گی، ابتدائی مرحلے میں پلیئرز کو فٹنس ٹریننگ کروائی جائے گی، بعد ازاں پلیئرز کے گیم میں مزید مہارت لانے کے لیے کوچز کی طرف سے خصوصی ڈرلز بھی کروائی جائیں گی۔ ادھر پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن سائیڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کپتان کی کوشش ہوتی ہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کیساتھ فاتحانہ آغاز کرے، میری خواہش ہے کہ پہلے میچ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے قیادت کا حق ادا کروں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہ ہے۔

آئی لینڈرز کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے، دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے گرین کیپس کو مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں صبر اور برداشت بہت ضروری ہے، سرفراز کو صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔دوسری جانب سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی اتوار کو دبئی پہنچ گئی، روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں نے اپنی مذہبی رسومات کے مطابق دعائیہ تقریب میں شرکت کی، مہمان ٹیم کی قیادت اس بار دنیش چندیمل کے سپرد ہے، انجرڈ ہوجانے کے سبب تجربہ کار آل راؤنڈر انجیلومیتھیوز سیریز کے پہلے میچ میں حصہ نہیں لے پائیں گے، تاہم ان کی دوسرے میچ میں شرکت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔