بی جے پی نے حیدرآباد دھماکوں کا الزام پاکستان پر لگادیا

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 23 فروری 2013
دھماکوں میں انڈین مجاہدین ملوث ہیں، تحقیقاتی ادارہ، پاکستان اوراقوام متحدہ کی مذمت. فوٹو: رائٹرز

دھماکوں میں انڈین مجاہدین ملوث ہیں، تحقیقاتی ادارہ، پاکستان اوراقوام متحدہ کی مذمت. فوٹو: رائٹرز

نئی دہلی: بھارتی شہر حیدر آباد میں 2دھماکوں کے بعد ممبئی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔

بی جے پی نے حیدرآباد بم دھماکوں کا الزام پاکستان پرعائدکردیا ۔ حیدرآباد میں گزشتہ شام یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں 14 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے جائے وقوع کا جائزہ لے کرتحقیقات شروع کردی ہیں ۔ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ بھارتی وزیرداخلہ سشیل کمار شندے نے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کرن کمار کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا جس کے بعد انھوں نے اسپتال میں زیرعلاج زخمیوں سے ملاقات کی اورانھیں حکومتی امدادی کی یقین دہانی کرائی۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 119 زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تمام بڑے بھارتی شہروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ پولیس ان دھماکوں کی تحقیقات کر رہی ہے ۔

9

آن لائن کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ حیدرآباد بم دھماکوں میں انڈین مجاہدین ملوث ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قائم تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں انڈین مجاہدین کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق دہلی پولیس کمشنر ایس این شری واستو نے بتایا کہ انڈین مجاہدین کے دو گرفتار کارکنوں نے دوران تفتیش ممکنہ دہشت گردی کے منصوبوں کا انکشاف کیا تھا۔ بھارتی اپوزیشن جماعت بی جے پی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور بھارت کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں مصروف ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔