جوئے روٹ نےگراہم گوچ کا 27 برس پرانا ریکارڈ توڑدیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 25 ستمبر 2017
 فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لندن:  انگلش اسٹاربیٹسمین جوئے روٹ نے ایک سمر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، انھوں نے یہ کارنامہ اتوار کو ویسٹ انڈیز سے سیریز کے تیسرے ون انٹرنیشنل میں 79 گیندوں پر 84 کی اننگز کھیل کر انجام دیا، اس پرفارمنس کے بعد رواں سمر میں جوئے روٹ کے مجموعی رنز 1300 سے متجاوز ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ سابق کپتان گراہم گوچ کے پاس تھا، جوانھوں نے 1990 میں 1277رنز جوڑ کر قائم کیا تھا، گوچ نے 27 برس قبل قائم ہونیو الی ریکارڈ پرفارمنس میں 5 سنچریاں اور4 ففٹیز اسکورکی تھیں، تاہم روٹ نے اس بار انھیں اس اعزاز سے محروم کردیا، بطور ٹیسٹ کپتان روٹ اب تک اپنے پہلے برس میں 3 سنچریاں اور9 ففٹیز بناچکے ہیں، وہ سیزن میں زیادہ رنز بنانے والے پلیئرز کی فہرست میں تیسری بارشامل ہونیوالے بھی واحد پلیئر ہیں، جوئے روٹ نے 2014 میں 1069 اور 2016 میں 1050رنز بھی اسکورکیے ہیں، ویسٹ انڈیز کیخلاف 84 کی اننگز کھیلنے کے بعد رواں سمرمیں ان کے مجموعی رنز 1342 ہوگئے ہیں، ان سے قبل یہ ریکارڈ 27 برس تک گراہم گوچ کے قبضے میں رہا، اس فہرست میں جوئے روٹ اب پہلے، گراہم گوچ دوسرے اور الیسٹرکک تیسرے نمبر پر ہیں۔

کک نے 2011 سیزن میں 1205رنز اپنے نام درج کرائے ہیں، مارکس ٹریسکوتھک 2005 میں 1196رنز بناکر چوتھی پوزیشن پر فائز ہیں، سابق آل رائونڈر اینڈریو فلنٹوف نے 2004 میں 1115رنز بنائے تھے، وہ اس فہرست میں پانچویں پوزیشن پربراجمان ہیں، کیون پیٹرسن نے 2007 میں 1097رنز اسکورکیے، سابق کپتان اینڈریو اسٹروس 2010 میں 1086رنز بناکر اس کلب میں شامل ہوئے، ان کے علاوہ ای ین بیل نے بھی 2011 میں 1046رنز اپنے نام درج کرارکھے ہیں، روٹ کو اس برس الیسٹرکک کی جگہ انگلش ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیاگیا ہے، طویل فارمیٹ میں بھی ان کی پرفارمنس بے مثال ہے، وہ اب تک 3 سنچریاں اور 9 ففٹیز کی مدد سے 24 اننگز میں 61 کی اوسط سے رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں، رواں برس ان کا بہترین انفرادی اسکور 190 رنز ہے، جو انھوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف لارڈز میں بنایا تھا، جو بطور کپتان ان کا پہلا ٹیسٹ بھی تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔