فاٹا انضمام نہ ہونے پر9اکتوبر سے تحریک شروع، اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان

نمائندگان ایکسپریس  پير 25 ستمبر 2017
ایف سی آرکالا قانون ‘عوام کے جائزحقوق کے حصول کیلیے میدان عمل میں آئے ہیں، شہاب الدین، لطیف آفریدی ودیگرکاجلسے سے خطاب
 فوٹو : فائل

ایف سی آرکالا قانون ‘عوام کے جائزحقوق کے حصول کیلیے میدان عمل میں آئے ہیں، شہاب الدین، لطیف آفریدی ودیگرکاجلسے سے خطاب فوٹو : فائل

خیبر ایجنسی / جمرود: فاٹا کو فوری طور پرخیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، آئندہ الیکشن سے قبل کے پی کے اسمبلی میں فاٹا کو مکمل نمائندگی دی جائے۔

پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھایا جائے اور این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو تین فیصد حصہ دیا جائے، اگر 9 اکتوبر سے پہلے پہلے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ہمراہ اسلام آباد میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ایم این اے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے باڑہ برقمبر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہاکہ فاٹا اصلاحات میں رخنے ڈالنے والوں کے تمام تر منصوبے ناکام ہونگے، فاٹا اصلاحات آخری مراحل میں ہیں اور فاٹا کے انضمام کیلیے9 اکتوبرکو فیصلہ کن تحریک چلائیں گے جس میں تمام سیاسی پارٹیاں شرکت کریں گی۔

جلسہ سے باجوڑ ایجنسی کے ایم این اے شہاب الدین خان،اے این پی کے صوبائی صدر عمران آفریدی،ایڈووکیٹ عبداللطیف آفریدی ،سابق سینٹرز عبدالرحمن ،حبیب اللہ اورکزئی،جماعت اسلامی کے امیر شاہ فیصل ،پی پی پی حضر ت ولی آفریدی ایڈووکیٹ اعجاز محمد،پی ٹی آئی عبدالغنی آفریدی اور ملکزادہ ندیم قاری سید عالم شنواری اور دیگر نے خطاب کیا۔

الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے ان کے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اورریفرنڈم کے بغیر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ہماری ان قربانیوں کا احساس کرے اور ہمیں اس ملک کا شہری تسلیم کیاجائے،انھوں نے کہا کہ ہم ایسا دھرنہ دیں گے کہ تاریخ تحریر سکوائرکو بھول جائیگی،ایم این اے شہاب الدین خان نے کہا کہ ایف سی آر کالا قانون ہے قیام پاکستان سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اتنے مظالم نہیں ہوئے ہونگے جتنے قبائلی علاقوں میں ہوئے ہیں،اے این پی کے دیرینہ کارکن اور سینئر وکیل لطیف آفریدی نے کہا کہ فاٹا کے عوام کے بہتر مستقبل کیلیے فاٹا کو خیبرپختونخواہ میں ضم کیا جائے اور فاٹا کو خاص اہمیت دیکر قبائلی عوام کو تمام ٹیکسوں سے مستثنیٰ کیاجائے،جلسے میں تمام سیاسی پارٹیوں قبائلی قائدین علاوہ ایم اینز اور سینٹرز سمیت طلبا تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی،جلسہ گاہ فاٹا کے انضمام کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔