عدالتی فیصلہ پرشب خون مارا گیا،نواز شریف کبھی اہل نہیں ہو سکتے؛سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس  پير 25 ستمبر 2017
عوام کو ورغلانے کاوقت گزرچکا،ریاستی ذمے داریاں پوری کرنے میں عوام ساتھ دیں، خطاب، سیکڑوں افراد جماعت میں شامل

 فوٹو : فائل

عوام کو ورغلانے کاوقت گزرچکا،ریاستی ذمے داریاں پوری کرنے میں عوام ساتھ دیں، خطاب، سیکڑوں افراد جماعت میں شامل فوٹو : فائل

بونیر:  امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت نے آئین میں جو ترمیم کی ہے اسے واپس لے، ہم اس ترمیم کی مذمت کرتے ہیں، عوام نے حکومت کو اس لیے مینڈیٹ نہیں دیا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پرشب خون ماردے۔

اب وہ شخص کبھی بھی اہل نہیں ہوسکتا جسے عدالت نے نااہل قرار دیا ہو نہ وہ پاکستان کی قیادت کرسکے گا، اکثریت کے بل بوتے پرسپریم کورٹ کے فیصلے کو بلڈوز کرنے کی مذمت کرتے ہیں،بونیراسلام کاقلعہ ہے اورآئندہ انتخابات میں بونیر کے عوام کامیابی دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے بونیرکے علاقہ طوطالئی میںشمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرسابق ناظم طوطالئی راج ولی خان نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکرجماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سراج الحق نے کہاکہ جماعت میں اہم سیاسی عمائدین کی شمولیت اس بات کی گواہی ہے کہ اب عوام کوورغلانے کاوقت گزرچکاہے اوراب عوام کا اپنا دور آنیوال اہے، انھوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے ہم حکمرانوں کوبتاناچاہتے ہیں کہ ہم کسی بھی ایسے فیصلے کی مذمت کرینگے۔

جس سے اعلیٰ عدلیہ کا وقار مجروح ہو،انھوںنے کہاکہ حکمران پارٹی نے محض اکثریت کے بل بوتے پرایک نااہل شخص کوپارٹی کاصدربنانے کیلیے انتخابی قوانین پرشب خون ماراہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو شدید دھچکا لگا ہے، وزیراعظم سمیت پوری کابینہ اعلیٰ ترین عدالتوں کی طرف سے نااہل قراردیئے گئے شخص کے طلب کرنے پرلندن میں بیٹھی ہوئی ہے جس سے پوری قوم کاسرشرم سے جھک گیاہے۔انھوںنے نااہل فردکوپارٹی صدر بنانے کی فوری بنانے کی روایت چل پڑی تو کوئی بھی طاقتور مجرم سیاسی جماعت کاسربراہ بن کرآئینی اداروںکامذاق اڑاناشروع کردیگااورجرائم پیشہ لوگ سیاسی جماعتوں میں اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔