ابھیشیک 24 گھنٹے میں ہی فلم سے آؤٹ

ویب ڈیسک  پير 25 ستمبر 2017
بالی ووڈ کا کوئی بھی فلمساز ابھیشیک کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا؛فوٹوفائل

بالی ووڈ کا کوئی بھی فلمساز ابھیشیک کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور بھارتی فلم انڈسٹری کی حسینہ ایشوریا رائے کے شوہر اداکار ابھیشیک بچن کا کیرئیر طویل عرصے سے زوال کا شکار ہے، بڑی مشکلوں سے انہیں ایک فلم ملی تھی اور محض 24 گھنٹوں کے اندر وہ اس سے بھی باہر ہوگئے۔

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے کئی دہائیاں گزرچکی ہیں لیکن آج بھی ان کی مانگ میں بے تحاشہ اضافہ ہے، بالی ووڈ کا ہر بڑا ہدایت کاراور فلمساز ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے چین رہتا ہے جب کہ ان کی بہو ایشوریا رائے کی ڈیمانڈ میں بھی کوئی کمی نہیں، کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کے بعد تو ایشوریا رائے کا جادو ایک بار پھر چل گیا ہے لیکن ابھیشیک بچن اپنے والد اور بیوی جیسی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ، بالی ووڈ کا کوئی بھی فلمساز ان کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا وہ آخری بار 2014 میں فلم ’’ہیپی نیو ائیر‘‘ میں نظرآئے تھے اور اس کے بعد سے وہ فارغ ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ابھیشیک بچن جونیئر کلرک کی نوکری کے امیدوار بن گئے

بھارتی میڈیا کے مطابق بڑی مشکلوں سے ابھیشیک بچن کو ایک فلم ملی تھی، ہدایت کار جے پی دتا کی فلم ’’پلٹن‘‘میں ابھیشیک اہم کردار ادا کررہے تھے،  فلم کی شوٹنگ محض 24 گھنٹوں میں شروع ہونے والی تھی اور پوری ٹیم شوٹنگ کے لیے لداخ روانہ ہونے والی تھی کہ اچانک ابھیشیک بچن ٹیم کو چھوڑ کر چلے گئے، ان کے جانے کی وجہ تو سامنے نہیں آسکی ہے لیکن فلم کی پروڈیوسر ندھی دتا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھیشیک بچن اب مزید ان کی فلم کا حصہ نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ نئے اداکار کو فلم میں لیا جائے گا جس کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ابھیشیک نے ایشوریا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے سے انکار کردیا

ندھی دتا نے ابھیشیک پر بھڑکنے اور غصہ کرنے کے بجائے ان کے اچھے مستقبل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ابھیشیک بچن اپنے کیرئیر میں کامیابی  حاصل کریں۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ندھی دتا ایک ساتھ فلم ’’ریفیوجی‘‘ میں کام کرچکے ہیں، یہ ابھیشیک اور کرینہ کپور کی ڈیبیو فلم تھی تاہم فلم باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔